یادوں کی پٹاری کھولوں تو 14 اگست 2025 کو بھی اپنی مٹھی میں بند کرنا چاہوں گی۔ میری یادداشت بھی عجیب ہے کبھی کبھی تو عرصہ دراز کے واقعات یاد ہوتے ہیں تو کبھی کل کی بات بھول جاتی ہوں۔ سفر زیست میں مجھے ہر طرح کے لوگوں سے ملنے کا موقع ملا، الحمدللہ! مجھے اچھی باتیں اور اچھے لوگ یاد رہ جاتے ہیں اور بری باتیں اور برے لوگوں کو میں خود فراموش کر کے سفر زیست میں آگے بڑھ جاتی ہوں۔ گلا شکوہ نہیں کرتی بلکہ وہ راستہ اور اس طرف جانے والے ہر راستے کو چھوڑ دیتی ہوں۔ اس یقین کے ساتھ کہ اللّٰہ ہی بہترین کار ساز ہے۔ ارے ہم باتوں باتوں میں کہا نکل گئے۔ ہم تو بات کر رہے تھے ماہ اگست کی، اگست کا مہینہ آزادی کی خوشخبری کا مہینہ ہے۔ یہ وہ مہینہ ہے جس میں اللّٰہ رب العزت نے ہمیں پاکستان جیسی نعمت سے نوازا جہاں ہم اپنی مرضی سے دین اسلام کی پیروی میں آزاد ہیں۔ میں ایک سادہ سی گھریلو خاتون ہوں جو نعمتیں میرے پاس ہیں اس میں خوشی تلاش کر لیتی ہوں جو میرے رب نے عطا نہیں کیں اسے رب کی حکمت سمجھتے ہوئے مطمئن رہتی ہوں۔ دور حاضر میں قلب مطمئن سے بڑھ کر بھی کوئی نعمت ہو گی بھلا۔ میں کبھی بڑی خوشیوں کا انتظار نہیں کرتی ہمیشہ چھوٹی چھوٹی سی خوشیوں کو بھی بڑی خوشیوں کی طرح مناتی ہوں۔ ایسا ہی ایک پیغام میرے موبائل کے ان باکس میں آیا پرانے زمانے کی بات ہوتی تو میں کہہ سکتی تھی کہ کھڑی کھول کے دیکھو یہ کون پیغام رساں آیا ہے مگر اس دور میں تو پیغام موبائل پر ہی آتے ہیں تو میں بات کر رہی ہوں اپووا استحکام پاکستان کانفرنس کی اور مجھے "شان پاکستان” ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا۔ دل کی سچی بات بتاؤں؟ شاید یہ بات پڑھ کر بہت سے افراد کو برا بھی لگے لیکن میں تو اپنے قصہ زیست کی داستان سنا رہی ہوں بھلا کیوں کسی کو برا لگے گا۔ ایورڈ ملنے سے ذیادہ خوشی مجھے لوگوں سے ملنے میں ہوتی ہے۔ تقریب کے دن قریب آ رہے تھے اور میرا سٹریس بڑھ رہا تھا کہ کیسے جاؤں لاہور؟ بچوں کی چھٹیاں ان کے اسکول کا کام، امتحانات کی تیاری اور بہت کچھ لیکن الحمدللہ فائنلی پروگرام بن ہی گیا۔ ارے یہ کیا! جانے سے ایک دن پہلے سعد کی طبیعت کافی خراب ہو گئی اب تو مجھے لگا کہ لاہور جانا ناممکن ہے تو خاموشی سے بس اللّٰہ کے فیصلے کا انتظار کرنے لگی آخر کار سب ٹھیک ہو گیا اور میرا چھوٹا سا قافلہ لاہور جانے کو تیار ہو گیا۔ جلدی جلدی گھر کے سارے کام سمیٹ کر گاڑی میں بیٹھے لاہور جانا اپنے آپ میں خاص ہے۔ یہ جو لاہور سے محبت ہے دراصل کسی اور سے محبت ہے تو یہ بات مجھ پر بالکل صحیح ثابت ہوتی ہے۔ نانی امی کا گھر سب ماموں ان کی محبت اور سب پیارے رشتے وہیں تو ہیں میرے اب تو میرے بچے بھی لاہور سے اور لاہور والوں سے محبت کرنے لگے ہیں۔ یہ سچ ہے جہاں محبت اور عزت ملے وہیں پر انسان کا دل لگتا ہے تو بات ہو رہی تھی اپووا استحکام پاکستان کانفرنس کی تو لاہور پہنچتے ہی بچوں کو ماہ پارہ اور بھابھی کے پاس چھوڑا سب سے مل کر میں پاک ہیری ٹیج ہوٹل پہنچی جہاں کانفرنس کا انعقاد کیا گیا تھا۔ علی بھائی، سفیان بھائی اور اسلم بھائی بہت جی جان سے کانفرنس کی تیاری کر رہے تھے۔ ان سب سے مل کر میں واپس گھر آئی اور اگلے دن کی تیاری کرنے لگی۔
اگلی صبح بہت خوبصورت تھی۔ طلوع فجر سے ہی ٹھنڈی ٹھنڈی ہوا کے سلسلے کا آغاز ہو گیا تھا ہلکی ہلکی بوندا باندی نے ماحول کو مذید خوش گوار بنایا تھا۔ وہ جو کہتے ہیں نا کہ موسم کے اثرات آپ کی طبیعت کو بدل دیتے ہیں تو کچھ ایسا ہی ہوا اس دن، میں سوچ رہی تھی اٹہتر سال پہلے بھی مسلمانوں نے جب سر زمین پاک پر قدم رکھے ہوں گے تو ان کو بھی لاہور کی فضا اتنی ہی حسین اور پر سکون لگی ہو گی۔ ہجرت کے غموں کو بھول کر جب پاک زمین کی مٹی کو چوما ہو گا تب ان کے دل خوشی سے سر شار ہوئے ہوں گے۔ آج جس ملک میں ہم آزادی سے گھومتے پھرتے ہیں وہاں تک پہنچنا آسان نہیں رہا ہو گا۔ کتنی ہی قیمتی جانیں قربان ہوئی ہوں گی۔ ماؤں نے بیٹے، بیویوں نے سہاگ، بہنوں نے بھائی قربان کئے ہوں گے تب جا کر یہ آزادی ہمارا مقدر بنی ہو گی۔ دعا ہے کہ اللّٰہ رب العزت ہمیں اپنے شکر گزار بندوں میں شامل فرما لے اور نعمتوں کا قدر کرنے والا بنائے۔ آمین!
اپنی گزشتہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے آل پاکستان رائٹرز ایسوسی ایشن نے بھی یوم آزادی کے حوالے سے ایک تقریب منعقد کی جہاں دنیائے ادب کے عظیم شاہکاروں کو اکٹھا کیا، وہیں نومولود پودوں کو فراموش نہیں کیا گیا۔ یہ ننھے ادیب ان ننھے پودوں کی ہی طرح ہیں جن کو اپنے بڑوں کے سائے سے بہت کچھ سیکھنے کے مواقع اپووا فراہم کرتی ہے۔ بہت سے افراد اکثر پروپگنڈا کرتے نظر آتے ہیں کہ ہیں یہ کیا ہو رہا ہے مختلف ادبی تنظیموں کے اندر ایوارڈ ایوارڈ کھیلا جاتا ہے اور میں ہمیشہ کہتی ہوں نفسا نفسی کے اس دور میں جہاں ہر جگہ دوسرے کی ٹانگ کھینچا، کسی دوسرے پر منفی تنقید کرنا ہر بندہ اپنا فرض سمجھ کرتا ہے وہیں اگر کچھ اپووا جیسی تنظیمیں دوسروں کی زندگی میں چند پل خوشی کے دیتی ہیں تو جلنے والوں کا پھر منہ کالا ہی اچھا ہے۔ یہاں میں کسی تنظیم کا ساتھ نہیں دے رہی غیر جانبدار ہو کر بات کروں گی کیونکہ قلم آزاد ہے۔ جو بھی افراد معاشرے میں مثبت کام کر رہے ہیں وہ قابلِ عزت ہیں، قابل تعریف ہیں۔ چلیں جی بہت سنجیدہ باتیں ہو گئیں اب کچھ غیر سنجیدہ گفتگو کا آغاز کرتے ہیں۔ خواتین کا ازلی مسلہ، کسی بھی تقریب میں جانا ہو تو بھری ہوئی الماریاں بھی خالی ہی لگتی ہیں ایسا لگتا ہے ڈھنگ کا کچھ ہے ہی نہیں ہمارے پاس لیکن خوش قسمتی سے میرا شمار ان خواتین میں نہیں ہوتا کیونکہ جو میرے پاس ہے اس پر اللّٰہ کا شکر ہے تو فیصلہ ہوا کہ بہت پہلے سے خریدا ہوا سفید عیابا پہنا جائے جو میں صرف خاص موقعوں پر ہی نکالتی ہوں تو ثابت ہوا استحکام پاکستان کانفرنس بہت خاص تھی جلدی سے تیار ہو کر میں اور بی بی پاک ہیری ٹیج پہنچے، جہاں سب سے پہلے اپووا کے روحِ رواں ایم ایم علی بھائی سے ملاقات ہوئی۔ علی بھائی سے رشتہ بہت خاص ہے مگر اس وقت زاہد بھائی کی کمی شدت سے محسوس ہوئی یقیناً علی بھائی کو بھی ان کی کمی محسوس ہوئی ہو گی۔ عموماً اپووا کی تقریبات میں علی بھائی ہال کے اندر کے انتظامات سنبھالتے ہیں اور استقبالیہ پر ہمیشہ زاہد بھائی ہی ہوتے ہیں۔ جی تو آپ سوچ رہے ہوں گے اگر اتنے ہی خاص ہیں زاہد بھائی تو وہ کہاں ہیں تو جناب اللّٰہ کے فضل و توفیق سے وہ ان دنوں عمرہ کی سعادت حاصل کر رہے تھے۔ استقبالیہ پر علی بھائی نے تروتاز پھولوں کا گلدستہ پیش کیا وہیں پر پیارے چھوٹے بھائی نادر فہمی سے ملاقات ہوئی۔ ایسے سلجھے ہوئے نوجوان بچوں کو دیکھ کر دل سے دعا نکلتی ہے۔ نادر! اللہ پاک آپ کو ڈھیروں کامیابیاں نصیب فرمائے آمین! تو اب چلتے ہیں اندر ہال میں جو ماشاءاللہ کھچا کھچ ادبی دنیا کے ستاروں سے بھرا ہوا تھا۔ اتنے ستارے اکٹھے زمین پر سجے بہت خوش نما لگ رہے تھے۔ سب سے فرداً فرداً ملی مجھے لوگوں سے ملنا ان سے بات کرنا ان کو اپنی یادوں میں سمیٹنا بہت پسند ہے۔ میں کبھی انتظار نہیں کرتی کہ کوئی مجھ سے آ کر ملے میں خود آگے بڑھ کر ملنا پسند کرتی ہوں۔ سفیان بھائی، اسلم بھائی، مسکراتی مدیخہ کنول، زندگی سے بھر پور اقرا لاریب، بہت پیاری ایمن سعید اور عابدہ نذر سے ملاقات کے بعد جیسے ہی نشت سنبھالی تو پیاری حفصہ خالد کی آمد نے دل کو باغ و بہار کر دیا۔ سلامت رہیں حفصہ آپ مجھے ہمیشہ بہت پیاری لگتی ہیں۔ اللّٰہ رب العزت آپ کو استقامت عطا فرمائے اور آپ سے راضی ہو جائے۔ آمین!
آج کا دن ایک خاص فرد کے نام جس سے میرا رابطہ کسی ادبی گروپ کے ذریعے ہوا اور مجھے چھوٹے بھائیوں کی طرح عزیز ہو گیا۔ اب آپ سوچ سکتے ہیں کہ سب کی تعریف ہی کر رہی ہوں میری زندگی میں کوئی دھوکے باز، منفی سوچ اور غلط افراد کیوں نہیں تو جناب بتایا نا کہ ایسے افراد کو میں بھول جاتی ہوں۔ اسامہ معاویہ چکوال سے تشریف لائے اور سب افراد مصروف تھے تو میں نے ہی اپنے بھائی کا پھولوں سے استقبال کر لیا پھر اسے نادر سے ملوایا اور اس کے حوالے کیا۔ اسامہ میرے لیے چکوال سے وہاں کی خاص ریوڑی لائے اور جو ڈائری میں اس کے لیے لائی فورا اسے دے دی ان تمام قیمتی مناظر کو کیمرے کی آنکھ میں قید کرنا نہ بھولی۔ سلامت رہیں اسامہ اللہ پاک آپ سے راضی ہو جائے۔ آمین! اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے اپووا نے اپنے مہمانوں کے لیے پر تکلف ناشتے کا اہتمام کیا۔ دور دراز سے آئے ادبی ستارے پیٹ پوجا کے بعد ایک دم تروتاز ہو گئے۔ ناشتے کے بعد پرچم کشائی کی گئی۔ میرے لیے یہ بالکل ایک نیا تجربہ تھا۔ آج سے پہلے میں نے یہ منظر کبھی نہیں دیکھا تھا۔ شکریہ اپووا! الحمدللہ رب العالمین میرے سوہنے رب جس نے وطن عزیز کی پر امن فضا عطا فرمائی۔ موسم بھی بہت سہانا تھا۔ ہلکی ہلکی بارش اور ہوا میں پرچم آسمان میں لہرایا گیا۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز سفیان بھائی نے تلاوت قرآن پاک سے کیا۔ ایک بار پھر مجھے زاہد بھائی کی کمی محسوس ہوئی۔ عائشہ شکیل کی نعت سے ماحول میں تازگی آ گئی۔ قومی ترانے نے جو دل کے تاروں کو مزید جوش و جذبہ عطا کیا۔ ایمان کی ساٹھ شاخیں ہیں وطن سے محبت بھی ایمان کے پودے کی ایک شاخ ہے۔ وقت کو ضائع نہ کرتے ہوئے مدیخہ کنول نے پروگرام کو آگے بڑھایا اور ایوارڈز کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ ننھے ادبی ستاروں کے جھرمٹ میں بہت روشن ستاروں کی موجودگی باعث رحمت تھی۔ پروگرام کی صدارت ناصر بشیر صاحب نے کی جو نہایت ہی عاجز اور سادہ انسان ہیں۔ اس کے علاؤہ اورنگزیب لغاری صاحب جو کہ بے حد خوش اخلاق اور ملنسار انسان ہیں۔ عذرا آفتاب صاحبہ اپنی دھیمی سی مسکراہٹ کے ساتھ اسٹیج کی رونق کو بڑھا رہی تھیں۔ طارق بلوچ صحرائی صاحب کو مل کر ایسا لگا کہ آپ بلند اپنے کام اور کرادر سے ہوتے ہیں۔ ان کے مزاج کی سادگی ہی ان کی کامیابی ہے۔ اختر عباس صاحب کی آمد نے سب کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیر دی۔ علی بھائی کے ایک جملے نے ساری فضا کو تازگی بخش دی۔ جب ان کی واسکٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہا گیا کہ شاید وہ اپنی شادی پر بھی اتنے اچھے نہیں لگتے ہوں گے تو اس بات کا انہوں نے جواب دیا کہ "وہ قید کا دن تھا اور آج 14 اگست آزادی کا دن ہے۔” اس بات نے سب کے چہروں پر ایک تبسم بکھیر دیا۔
اب تقریب میں آمد ہوتی ہے ایک خاص انسان کی جن کا سینہ قرآن پاک سے منور ہے۔ جی تو میں بات کر رہی ہوں قومی ایوارڈ یافتہ قاری القرآن عمر دراز خان صاحب کی۔ ان کی پر سوز آواز نے تقریب میں موجود ہر فرد کے دل کو چھو لیا۔ سر! اللہ پاک آپ کی عمر دراز کرے آمین! سر شہزاد نیر کی باتیں اور کلام ہمیشہ کی طرح بہت جاندار تھا۔ گوجرانولہ کی پیاری شاعرہ کی شاعری اور آواز دونوں دل کو چھو گئے۔ ارے اس سفر میں مجھے ایک پیاری سی لڑکی قرۃالعین حیدر بھی ملی جو اپنے بابا کے ساتھ تھی۔ اس کو میں فیس بک پر اس کے بابا کے ساتھ تصاویر میں دیکھا۔ مجھے لگا اس کا اپنے بابا سے ویسا ہی رشتہ ہے جیسا میرا میرے ابو جی کے ساتھ۔ کتنے پیار سے رکھتے ہیں نا باپ اپنی بیٹیوں کو، ان کو سپورٹ کرتے ہیں اور کتنا آئیڈلائز کرتی ہیں نا بیٹیاں اپنے باپ کو، مجھے لگتا ہے بیٹیاں اپنے شریک حیات میں ہمیشہ اپنے والد والی خوبیاں تلاش کرتی رہ جاتی ہیں اور یہیں پر وہ غلطی کرتی ہیں۔ او! کچھ زیادہ ہی سنجیدہ ہو گیا معاملہ۔ چلو بھی ڈھونڈ لاتے ہیں پیارے بچپن کو، میرے بچپن کی حسین یادوں میں سے ایک یاد "عینک والا جن” بھی ہے۔ ہائے! وہ بھی کیا دن تھے جب ہم مسجد میں قاری صاحب سے بہانے بنا بنا کر گھر کی طرف بھاگتے تھے کہ عینک والے جن کا کوئی سین مس نہ ہو جائے۔ اپووا کی اکثر تقریبات میں حسیب پاشا صاحب کو دیکھا لیکن ملنے کا موقع آج ملا۔ ان سے بات کر کے لگا ہی نہیں کہ وہ اتنے بڑے آدمی ہیں انتہائی عاجزی سے ملے۔ واقعی بڑے سچ ہی کہتے ہیں جو ڈالی جھک جاتی ہے اس پر پھل ذیادہ لگتا ہے۔ انہوں نے جٹ سے اپنا کارڈ نکالا اور بچوں کو عینک والا جن دیکھنے کی دعوت دی۔ پروگرام اپنے اختتام کی طرف بڑھنے لگا لیکن میری پسندیدہ شخصیت لگتا ہے اس پروگرام میں بھی نہیں آ سکیں گی۔ اسامہ معاویہ کو واپس چکوال جانا تھا تو اسے اللّٰہ حافظ کرنے میں باہر آئی۔ ارے یہ کیا سر افتخار افی کو دیکھ کر دل باغ باغ ہو گیا جٹ سے سر کو سلام کیا، اسامہ کو اللہ خافظ کہا اور دوبارہ سے ہال میں واپس آ گئی۔ سر کو ڈائری گفٹ کی اور تصویر بنائی۔ میرا تو دن بن گیا بعض دفعہ کسی کی کہی روٹین کی عام سی باتیں آپ کے لیے خاص بن جاتی ہیں اور آپ کو آگے بڑھنے میں مدد گار ثابت ہوتی ہیں۔ ہمیشگی صرف اللّٰہ رب العزت کا خاصا ہے انسان تو بس آتے ہیں اور جاتے ہیں۔ لوگوں کے آنے اور جانے سے کاروان زندگی رکتا نہیں۔ کسی کے جانے سے کوئی مر نہیں جاتا ہاں مگر زندگی گزارنے کا انداز بدل جاتا ہے اور یہ بھی جانے والے اور پیچھے رہ جانے والے کے رشتے پر منحصر ہے کہ زندگی کس انداز میں بدلتی ہے۔ ملک یعقوب اعوان صاحب کو اپووا کی تقریب میں مہمان کی صورت دیکھا تھا آج ان کی میزبانی و قیادت میں ایک مکمل اور بھر پور پروگرام دیکھ کر اندازہ ہوا کہ کاروان زندگی کبھی کسی کے لیے نہیں رکتا یہ تو چلتا ہی جاتا ہے۔ زندگی ویسے ہی رہتی ہے بس زندگی کے اسٹیج کے کردار بدل جاتے ہیں۔ یہ دنیا فانی اس کا ہر رشتہ فانی ہے جانے والوں کو کوئی یاد نہیں کرتا اگر انسان اپنے سے جڑے رشتوں کا جوگ پال لے تو زندگی میں آگے بڑھنا ممکن نہیں ہوتا۔ میں آل پاکستان رائٹرز ایسوسی ایشن کی تمام ٹیم کو اتنے شاندار پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ دنیا اگر مکمل لگنے لگے تو انسان اسی میں دل لگا لیتا، دنیا کی خوبصورتی اسی میں ہے کہ یہ نامکمل ہے۔ ہر چیز کی کمی اس بات کا احساس دلاتی ہے کہ مکمل تو رب کی ذات ہے۔ بہت سے افراد کو شاید استحکام پاکستان کانفرنس میں کچھ کمی محسوس ہوئی ہو مگر اپنی سوچ کو مثبت رکھیں کوتاہیوں اور غلطیوں کو نظر انداز کریں اور کوششوں کو سراہا سیکھیں۔ زندگی جو دے ان حسین لمحوں کو وقت کی مٹھی میں قید کرتے ہوئے میں نے اپنے اس دن کے ہمسفر الماس العین خالد کے ساتھ واپسی کی راہ لی۔ بچے بھی گھر پر منتظر تھے۔ ہمیشہ دوسروں کی زندگیوں میں آسانیاں بانٹیں مثبت رہیں۔ ان شاءاللہ! پھر کسی قصہ زیست کے ساتھ ملیں گے۔ اے میری پیاری ڈائری اللّٰہ نگہبان!









