آل پاکستان رائٹرز ایسوسی ایشن (اپووا) کے ایک نمائندہ وفد نے جمعیت علماء اسلام پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات، مولانا غضنفر عزیز سے ان کے دفتر میں اہم اور تفصیلی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں ملک کی موجودہ صورتحال، استحکام پاکستان کے موضوع اور قومی ہم آہنگی کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اپووا کے وفد نے مولانا غضنفر عزیز کو 14 اگست کو لاہور میں ہونے والی استحکام پاکستان کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی اور قائدِ جمعیت، مولانا فضل الرحمٰن کا باقاعدہ دعوت نامہ بھی ان کے سپرد کیا۔مولانا غضنفر عزیز نے وفد کی آمد کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمٰن تک دعوت نامہ ضرور پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے اپووا کی علمی و فکری خدمات کو سراہا اور یقین دہانی کرائی کہ قومی یکجہتی کے ہر مثبت اقدام کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔
ملاقات کے بعد مولانا غضنفر عزیز کی جانب سے وفد کے اعزاز میں پرتکلف ضیافت کا بھی اہتمام کیا گیا، جس سے مہمانوں کی خاطر تواضع اور روایتی مہمان نوازی کا عملی مظاہرہ ہوا۔وفد میں اپووا کے بانی صدر ایم ایم علی، حافظ محمد زاہد، ممتاز اعوان، فہیم فاضل اور طاہر تنولی شامل تھے۔







