اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ جنگ بندی کیلئے ووٹنگ ایک بار پھر موخر

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ جنگ بندی کیلئے ووٹنگ مسلسل تیسرے روز مؤخر کر دی گئی ہے،عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ سلامتی کونسل میں غزہ میں جنگ بندی کی قرارداد پر ووٹنگ کل ہوگی، امریکا کو جنگ بندی کے مسودے میں شامل الفاظ پر اعتراضات ہیں۔امریکا کو جنگ بندی کی اصطلاح، دشمنی کے خاتمے جیسے الفاظ پر اعتراض ہے۔عرب میڈیا کا یہ بھی کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی پیش کردہ جنگ بندی قرارداد پر دو روز سے ووٹنگ مؤخر ہو رہی ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج نے رفح، خان یونس اور جبالیا کیمپ میں شدید بمباری کی، جس میں 85 سے زیادہ فلسطینی شہید ہوگئے، شہداء کی تعداد 20 ہزار تک پہنچ گئی، جن میں 8 ہزار بچے بھی شامل ہیں۔غزہ میں مواصلاتی اور انٹرنیٹ سروسز ایک بار پھر بند کر دی گئیں، فلسطینی مزاحمتی گروپوں نے جوابی حملوں میں اسرائیلی فوجیوں، ٹینکوں، بلڈوزروں کو راکٹ حملوں اور مارٹر گولوں سے نشانہ بنایا، زمینی آپریشن میں ہلاک اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 133 ہوگئی۔مصری حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے 40 یرغمالیوں کے بدلے ایک ہفتے کے لیے حملے روکنے کی پیش کش کی ہے، حماس کا مطالبہ دو ہفتے کے لیے حملے روکنے کا ہے۔دوسری طرف اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ غزہ میں جنگ کو آخری حد تک جاری رکھیں گے۔

Comments are closed.