اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما ارباب عاصم نے سنگجانی میں قیدیوں کی وینز پر حملے کو حکومتی سازش قرار دے دیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ یہ واقعہ پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف مزید جعلی مقدمات قائم کرنے کی ایک منظم کوشش ہے۔ارباب عاصم نے اپنے بیان میں کہا کہ سنگجانی میں قیدیوں کی وینز پر فائرنگ کا دعویٰ محض حکومت کی طرف سے ایک سازش ہے اور حقیقت میں پی ٹی آئی کے ایم پی ایز اور کارکنوں نے کوئی حملہ نہیں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے کارکنوں سے رابطہ کیا ہے اور ان کے مطابق کسی قسم کی فائرنگ نہیں ہوئی۔پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی بتایا کہ قیدیوں کی وین میں معاون خصوصی ملک لیاقت بھی موجود تھے۔ ارباب عاصم کے مطابق، یہ تمام کوششیں محض پی ٹی آئی کے رہنماؤں کو بدنام کرنے اور ان کے خلاف جعلی مقدمات قائم کرنے کے لیے کی جارہی ہیں۔
دوسری جانب، اسلام آباد پولیس نے اس واقعے کے بعد چند حملہ آوروں کو گرفتار کرلیا ہے۔ آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے ایک بیان میں نجی ٹی وی کو بتایا کہ واقعے کے بعد چار حملہ آوروں کو گرفتار کیا گیا، جبکہ 18 سے 20 افراد نے حملہ کیا تھا۔ ان میں ایک ایم پی اے کا بیٹا اور پولیس اہلکار بھی شامل تھے۔پولیس کے مطابق، اس واقعے کے وقت قیدیوں کی تین وینز میں 82 ملزمان کو عدالت میں پیشی کے بعد واپس اٹک جیل منتقل کیا جا رہا تھا۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ حملہ آوروں نے ٹول پلازہ کے قریب قیدیوں کی وینز پر حملہ کیا اور کچھ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ تاہم، بعد میں فرار ہونے والے تمام قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کر کے اسلام آباد منتقل کر دیا گیا۔یہ واقعہ اسلام آباد میں موجود سیاسی ماحول میں کشیدگی کی ایک اور مثال ہے۔ پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے بارہا حکومت پر الزامات لگائے ہیں کہ وہ ان کے خلاف جھوٹے مقدمات بناتے ہوئے ان کی جماعت کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

Shares: