لاہور: پنجاب اسمبلی میں پیش کی گئی تازہ ترین آڈٹ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ محکمہ داخلہ پنجاب کے زیر نگرانی مختلف اداروں سے 2021ء تا 2024ء کے دوران کروڑوں روپے مالیت کا اسلحہ اور بارود غائب ہو گیا ہے۔ اس اہم معاملے نے صوبے میں سیکیورٹی کے نظام پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور، پولیس آفس لاہور کے علاوہ دیگر 12 اضلاع کے پولیس دفاتر سے اسلحہ اور بارود کی چوری یا لاپتہ ہونے کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس دوران غائب ہونے والے اسلحے اور بارود کی مالیت لاکھوں سے بڑھ کر کروڑوں روپے تک پہنچ گئی ہے، جو انتظامی لاپرواہی اور ممکنہ بدانتظامی کی عکاسی کرتی ہے۔اسلحہ اور بارود کی لاپتہ ہونے کے واقعات کی مکمل تحقیقات کے لیے تمام متعلقہ ذیلی اداروں سے جواب طلب کر لیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

پنجاب اسمبلی میں پیش کی گئی اس رپورٹ نے صوبائی حکومت اور پولیس انتظامیہ کی کارکردگی پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں، جبکہ اپوزیشن کی جانب سے بھی اس معاملے پر سخت تنقید کی جا رہی ہے۔

Shares: