آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کنٹرول لائن کا دورہ کیا۔اس حوالے سے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آج لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے ساتھ نوسیری سیکٹر میں فرنٹ لائن دستوں کا دورہ کیا۔
اس دوران آرمی چیف کو ایل او سی کے ساتھ تازہ ترین آپریشنل صورتحال اور فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔
افسران اور جوانوں کے ساتھ بات چیت کے دوران آرمی چیف نے مسلسل چوکسی اور آپریشنل تیاریوں کے لیے ان کی تعریف کی۔قبل ازیں ایل او سی پہنچنے پر کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔
یاد رہے کہ کل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سندھ کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اس دوران نوشہرو فیروز میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف فوجی جوانوں سے ملاقات اور نوشہرو فیروز کے مقامی لوگوں سے بھی بات چیت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج متاثرین کی بحالی تک ان کی خدمت جاری رکھے گی۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں کا فضائی جائزہ بھی لیا۔
آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید نے ان کا استقبال کیا۔