پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق، آرمی چیف جنرل عاصم منیر اپنے سرکاری دورے پر برطانیہ پہنچ گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، آرمی چیف رائل ملٹری اکیڈمی سینڈھرست میں ہونے والی ریجنل کانفرنس میں شرکت کریں گے، جہاں وہ ابھرتے ہوئے عالمی آرڈر اور پاکستان کے مستقبل پر اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔ اس کانفرنس کو فوجی ڈائیلاگ کا ایک اہم اور اعلیٰ سطح کا پلیٹ فارم سمجھا جاتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ جنرل سید عاصم منیر کے دورے کے آغاز پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، جس میں تاریخی "رائل ہارس گارڈز پریڈ گراؤنڈ” پر ایک سرکاری گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، اس دوران، آرمی چیف برطانوی عسکری اور سول قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں برطانوی چیف آف ڈیفنس اسٹاف، چیف آف جنرل اسٹاف اور نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر سے بات چیت شامل ہے۔مزید برآں، آرمی چیف کی ملاقات برطانوی ہوم سیکریٹری سے بھی شیڈول میں شامل ہے۔ اس دورے کے دوران، آرمی چیف لینڈ وارفیئر سینٹر اور فرسٹ سٹرائیک بریگیڈ کا بھی دورہ کریں گے۔
یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور دفاعی تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے ایک اہم موقع ہے۔