میرپور ماتھیلو (نامہ نگار مشتاق علی لغاری) گھوٹکی سے تعلق رکھنے والا نوجوان فوجی اہلکار امتیاز علی چنہ کراچی میں ڈیوٹی کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے شہید ہو گیا۔ اس افسوسناک خبر کے بعد گھوٹکی اور اس کے گردونواح میں غم و سوگ کی لہر دوڑ گئی۔

شہید امتیاز علی چنہ کا تعلق گھوٹکی تعلقہ کے گاؤں دیہہ چنگل سے تھا۔ وہ ایک بہادر، محب وطن اور فرض شناس سپاہی کے طور پر جانے جاتے تھے۔ ان کی اچانک موت سے نہ صرف ان کا خاندان بلکہ پوری برادری صدمے کی کیفیت میں ہے۔

شہید کی میت کو فوجی اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی گاؤں دیہہ چنگل لایا گیا۔ ان کی نماز جنازہ اور تدفین میں رشتہ داروں، عزیزوں، معززینِ علاقہ اور گاؤں کے لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ہر آنکھ اشکبار تھی اور ہر شخص نے اپنے بہادر بیٹے کو نم آنکھوں سے الوداع کیا۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ امتیاز علی چنہ کی شہادت خاندان کے ساتھ ساتھ پورے علاقے کے لیے ایک بہت بڑا نقصان ہے۔ تاہم، ان کی ملک کے لیے دی گئی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

Shares: