پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن (اے ایف پی) نے اولمپک چیمپئن ارشد ندیم کے کوچ سلمان بٹ پر فیڈریشن کے آئین کی سنگین خلاف ورزیوں کے باعث تاحیات پابندی عائد کر دی۔

فیڈریشن کے مطابق یہ اقدام شفافیت، آئینی پاسداری اور تنظیمی سالمیت کو برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا۔ یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب فیڈریشن ارشد ندیم کی حالیہ کارکردگی میں نمایاں کمی کی وجوہات کا جائزہ لے رہی ہے۔ ارشد ندیم نے گزشتہ ماہ ٹوکیو میں ہونے والی ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے نیزہ پھینکنے کے فائنل میں دسویں پوزیشن حاصل کی تھی۔ سلمان بٹ نے اپنے جواب میں کہا کہ جاپان کے گرم و مرطوب موسم اور پنڈلی کے درد کے باعث ارشد اپنی بہترین کارکردگی پیش نہیں کر سکے۔

فیڈریشن کی پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ 10 اکتوبر کو صدر وجاہت حسین ساہی کی زیر صدارت ایگزیکٹو کمیٹی اجلاس میں متعدد اہم انتظامی اور تادیبی فیصلے کیے گئے تاکہ شفافیت اور آئینی عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔ فیڈریشن کے اعلامیے میں کہا گیا: ’’غور و خوض کے بعد ایگزیکٹو کمیٹی نے پنجاب ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے سابق عہدیدار سلمان بٹ، جو خود فیڈریشن کے آئین کے دستخط کنندہ ہیں، پر سنگین آئینی خلاف ورزیوں کے باعث تاحیات پابندی عائد کر دی۔

مزید کہا گیا کہ سلمان بٹ اب زندگی بھر کے لیے کسی بھی ایتھلیٹکس سرگرمی—بطور کھلاڑی، کوچ، عہدیدار یا نمائندہ—قومی یا بین الاقوامی سطح پر، پاکستان کے اندر یا باہر—شرکت نہیں کر سکیں گے۔ ایگزیکٹو کمیٹی نے پنجاب ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے سابق سیکریٹری حبیب شاہ پر بھی 10 سالہ پابندی عائد کی ہے۔ اس کے علاوہ، کمیٹی نے 31 اگست 2025 کو ہونے والے پنجاب ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے انتخابات کو ’’غیر قانونی، غیر آئینی اور ابتدا سے کالعدم‘‘ قرار دیا۔

وزیرِ اعظم کل امن سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے مصر روانہ ہوں گے

افغان اپنی سرزمین دہشت گردوں کے خلاف استعمال نہ ہونے دیں، بلاول بھٹو زرداری

بنوں میں فتنہ الخوارج کا حملہ، حوالدار شہید، ایک جوان زخمی

Shares: