چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی تلہ گنگ محمد عیسیٰ لالی نے ضلع بھر کے سرکاری و نجی سکولوں میں آرٹ مقابلہ جات کے انعقاد کا اعلان کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد بچوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ صحت مند اور مثبت سرگرمیوں میں مصروف رکھنا ہے تاکہ ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کیا جا سکے۔

نمائندہ خصوصی باغی ٹی وی خصوصی گفتگو کرتے ہوئے محمد عیسیٰ لالی کا کہنا تھا کہ ہمارا ویژن صرف نئی نسل کو پڑھانا نہیں بلکہ سکھانا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ بچے رٹا سسٹم کے بجائے سیکھنے کی بنیاد پر تعلیم حاصل کریں اور عملی زندگی میں کامیاب ہوں۔انہوں نے کہا کہ جب تک وہ تلہ گنگ میں تعینات ہیں، طلبا اور اساتذہ کی بہتری کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کو یقینی بنائیں گے۔ ضلع میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے کئی تعلیمی اور ہم نصابی منصوبے زیرِ تکمیل ہیں اور 2026 ان شاء اللہ تلہ گنگ کے لیے تعلیمی انقلاب کا سال ثابت ہو گا۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر نے مزید بتایا کہ اساتذہ کو جدید طریقۂ تدریس کی باقاعدہ ٹریننگ دی جا رہی ہے تاکہ وہ بچوں کو جدید تقاضوں کے مطابق تعلیم دے سکیں۔ اب بچوں کو محض امتحان پاس کروانے کے بجائے سیکھنے اور سمجھنے کی بنیاد پر پڑھایا جائے گا۔انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ امتحانی نتائج مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر ہوں گے اور کسی قسم کی کوتاہی یا سفارش کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اسی طرح اساتذہ کو بھی ان کی کارکردگی کی بنیاد پر سہولیات اور مراعات فراہم کی جائیں گی تاکہ محنت کرنے والے اساتذہ کی حوصلہ افزائی ہو سکے،والدین، اساتذہ اور تعلیمی انتظامیہ کے باہمی تعاون سے ہی تلہ گنگ کو ایک مثالی تعلیمی ضلع بنایا جا سکتا ہے، اور اس مقصد کے حصول کے لیے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی پوری تندہی سے کام کر رہی ہے۔

Shares: