خاتون اول اور رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری نے ملک بھر میں جاری پولیو سے بچاؤ کی قومی مہم میں عوام الناس سے بھرپور حصہ لینے کی شدید اپیل کی ہے۔

آصفہ زرداری نے والدین، اساتذہ، علماء کرام، معززین، اور میڈیا کے نمائندوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس مہم کا حصہ بن کر پاکستان کو پولیو جیسے موذی مرض سے پاک بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔آصفہ بھٹو زرداری نے اپنے جاری کردہ پیغام میں واضح کیا کہ یہ مہم یکم جون تک ملک بھر میں جاری رہے گی جس کا مرکزی ہدف پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے پلانا ہے۔ انہوں نے کہایہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم ہر بچے تک پولیو کے حفاظتی قطرے پہنچائیں تاکہ کوئی بھی بچہ اس حفاظتی عمل سے محروم نہ رہے، ملک بھر میں تقریباً چار لاکھ سے زائد فرنٹ لائن ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گے تاکہ اس موذی بیماری کے مکمل خاتمے کو یقینی بنایا جا سکے۔ خاتون اول نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنی اولاد کو حفاظتی قطرے وقت پر دیں اور اس قومی مہم میں بھرپور تعاون کریں، پولیو کی بیماری سے صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ دنیا بھر کے ممالک متاثر ہو سکتے ہیں، اس لیے یہ مہم عالمی صحت کے لیے بھی نہایت اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے فوری اقدامات نہ کیے تو یہ مرض دوبارہ پھیل سکتا ہے جس سے ملک کی آنے والی نسلیں متاثر ہوں گی۔خاتون اول نے ملک کی تمام اقلیتوں، طبقات، اور طبقات کے لوگوں کو اس مہم میں شریک ہونے کی دعوت دی تاکہ پاکستان جلد از جلد پولیو سے پاک ملک بن سکے۔

انہوں نے میڈیا سے بھی درخواست کی کہ وہ پولیو مہم کی افادیت اور حفاظتی قطرے پلانے کی اہمیت کو عوام تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کریں تاکہ ہر والدین کو اس مہم سے آگاہی حاصل ہو اور وہ اپنے بچوں کو حفاظتی قطرے ضرور پلائیں۔پولیو سے بچاؤ کی یہ مہم نہ صرف صحت عامہ کے لیے بلکہ ملک کی ترقی اور بچوں کے روشن مستقبل کے لیے بھی نہایت اہم ہے۔

Shares: