اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)صوبائی وزیر زراعت و لائیو اسٹاک سید عاشق حسین کرمانی نے بنگلہ گوگیرہ فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی چوہدری ندیم رضا ربیرہ، ایم پی اے چوہدری غلام رضا ربیرہ، ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید اور ڈی پی او راشد ہدایت سمیت دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے فلڈ ریلیف کیمپ میں سیلاب متاثرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
صوبائی وزیر نے عید میلادالنبی ﷺ کا کیک کاٹا اور سیلاب متاثرین میں راشن، مٹھائی اور جانوروں کے لیے ونڈا تقسیم کیا۔ انہوں نے ایجوکیشن کاؤنٹر پر تعلیمی سہولیات، میڈیکل کیمپ میں طبی سہولیات اور فیلڈ ہسپتال میں دستیاب ادویات کے سٹاک کا بھی معائنہ کیا۔ بعدازاں وزیر زراعت نے کیمپ سے ملحقہ علاقوں کا پیدل دورہ کیا اور متاثرین سے فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سیلاب متاثرین کی مشکلات کم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہیں۔ صوبہ پنجاب تاریخ کے بدترین سیلاب کی تباہ کاریوں سے دوچار ہے لیکن متاثرین کو ریلیف کیمپس میں تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ افراد کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ عید میلادالنبی ﷺ اہلِ اسلام کے لیے خوشیوں کا پیغام ہے، اس موقع پر سیلاب متاثرین کو بھی خوشیوں میں برابر شریک کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریلیف کی فراہمی کا سلسلہ بلا تعطل جاری رکھا جائے گا۔