راجن پور: پولیس مقابلے میں اشتہاری ڈاکو شاہد لُنڈ ہلاک

راجن پور(باغی ٹی وی ) پولیس مقابلے میں اشتہاری ڈاکو شاہد لُنڈ ہلاک

راجن پور کے علاقے کچہ بنگلہ اچھا میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان ہونے والے مقابلے میں خطرناک اشتہاری مجرم شاہد لُنڈ مارا گیا۔ ضلعی پولیس افسر کے مطابق شاہد لُنڈ کی گرفتاری پر حکومت کی جانب سے ایک کروڑ روپے کا انعام مقرر تھا۔ وہ پولیس اہلکاروں کے قتل، اغوا برائے تاوان اور ڈکیتی جیسے سنگین جرائم میں ملوث تھا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ڈاکو نے سوشل میڈیا پر متعدد بار پولیس کو براہِ راست دھمکیاں دی تھیں۔ اگست میں شاہد لُنڈ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس میں وہ محکمہ داخلہ کے نمبر پر کال کر کے اپنی بات چیت ریکارڈ کروا رہا تھا۔ اس ویڈیو میں شاہد لُنڈ نے دعویٰ کیا تھا کہ انعامی فہرست میں اس کا نام غلط طور پر سب سے اوپر رکھا گیا ہے اور اصل مجرموں کے نام شامل نہیں کیے گئے۔ اس نے فہرست کو دوبارہ ترتیب دینے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔

پولیس حکام کے مطابق شاہد لُنڈ کی ہلاکت سے علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے کی امید ہے۔

Comments are closed.