ایشیا کپ کے شیڈول کا اعلان , پاک بھارت ٹاکرا کب ہو گا؟

0
40

ایشین کرکٹ کونسل اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ 2023 کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔ 50 اوورز فارمیٹ کا یہ ٹورنامنٹ 30 اگست سے 17 ستمبر تک کھیلا جائے گا۔شیڈول کے اعلامیے کے مطابق ایشیا کپ کا آغاز 30 اگست کو ہو گا، پہلا میچ پاکستان اور نیپال کے درمیان ملتان میں کھیلا جائے گا، جس کے بعد اگلے ہی روز ٹیمیں کولمبو کے لیے روانہ ہو جائیں گی، 31 اگست کو سری لنکا اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں کینڈی میں آمنے سامنے ہوں گی۔ایشیا کپ کے 13 میچوں کے لیے چار وینیوز کا انتخاب عمل میں آیا ہے۔ میزبان پاکستان 4 میچوں کاانعقاد کرے گا۔ ملتان میں ایک جبکہ لاہور میں 3 میچ کھیلے جائیں گے۔ سری لنکا میں 9 میچز ہوں گے جن میں سے کینڈی میں 3 اور کولمبو میں 6 میچز کھیلے جائیں گے۔اے سی سی کے مطابق پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 2 ستمبر کو گروپ میچ کھیلیں گی، پاکستان اور بھارت کا میچ سری لنکا کے شہر کینڈی میں ہو گا جبکہ 3 ستمبر کو بنگلا دیش اور افغانستان کی ٹیمیں لاہور میں آمنے سامنے ہوں گی۔پاکستان اور انڈیا دونوں نے سپر فور مرحلے میں جگہ بنالی تو پھر یہ دونوں ایک بار پھر 10 ستمبر کو کولمبو میں مدمقابل ہوں گے۔ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ نے ٹوئیٹر پر اپنا پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ایشیا کپ 2023 کا اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس کررہے ہیں جو ایک ایسا ایونٹ ہے جو ایشیائی ممالک کو مقابلے کے جذبے اور دوستی کے ذریعے متحد رکھتا ہے۔جے شاہ نے کہا کہ وہ ایشین کرکٹ کونسل کے صدر کی حیثیت سے تمام شریک ٹیموں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ اس براعظم میں کرکٹ سے پیار کرنے والوں کے دلوں میں ایک اہم مقام رکھتا ہے۔ یہ صرف ایک ٹورنامنٹ نہیں ہے بلکہ یہ ثقافتوں، روایات کی زبردست علامت بھی ہے اور تمام قوموں کو کھیل کے لیے موجود جذبے کے ذریعے ساتھ رکھتا ہے۔

Leave a reply