پاکستان کرکٹ بورڈ یعنی پی سی بی نے ایشیا کپ 2025 کے دوران میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو ہٹانے کے مطالبے پر سخت مؤقف اپناتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ قومی ٹیم ان کی نگرانی میں کوئی میچ نہیں کھیلے گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پی سی بی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل یعنی آئی سی سی کو دوسرا خط بھیج دیا ہے جس میں بورڈ نے اپنے ابتدائی مطالبے کو نہ ماننے پر سخت ردعمل ظاہر کیاخط میں کہا گیا ہے کہ آئی سی سی کی جانب سے پائی کرافٹ کے خلاف تحقیقات محض رسمی کارروائی ہیں جنہیں تسلیم نہیں کیا جا سکتا۔
پی سی بی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اگر متنازعہ ریفری کو ہٹایا نہ گیا تو پاکستان ایسے تمام میچز کا بائیکاٹ کرے گا جن میں وہ نگرانی کریں گے،آئی سی سی کی انکوائری میں نہ تو تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا اور نہ ہی متعلقہ فریقین سے مشاورت کی گئی، پاکستان نے مطالبہ کیا ہے کہ تمام خدشات کو مکمل طور پر دور کیا جائے اور اس مطالبے کی باضابطہ منظوری کے بعد ہی پاکستان کھیلنے پر آمادہ ہوگا۔
دوسری جانب، پی سی بی کے ترجمان عامر میر نے وضاحت کی ہے کہ مشاورت کا عمل جاری ہے اور پاکستان کی شرکت سے متعلق حتمی فیصلہ میچ سے قبل کرلیا جائے گا فیصلہ ہمیشہ پاکستان کے مفاد میں کیا جائے گا۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان بدھ کو دبئی میں اپنے آخری گروپ میچ میں متحدہ عرب امارات کا سامنا کرنے والا ہے۔
ادھربھارتی کپتان سوریا کمار یادو نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) اور پی سی بی چیئرمین محسن نقوی سے متعلق سخت مؤقف اختیار کر لیا ہےبھارتی میڈیا کے مطابق سوریا کمار یادو نے اے سی سی کو پیغام دیا ہے کہ اگر بھارت ایشیا کپ جیتتا ہے تو وہ محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہیں کریں گےٹرافی پریزنٹیشن میں محسن نقوی کی موجودگی ناقابلِ قبول ہوگی۔