اے ٹی ایمز کی بندش کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں.پی ٹی اے

0
64
pta

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک میں اے ٹی ایمز کی بندش کے حوالے سے گردش کرنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے وضاحت جاری کی ہے۔ پی ٹی اے حکام کا کہنا ہے کہ اے ٹی ایم نیٹ ورکس کی بندش یا ایل ڈی آئی (لانگ ڈسٹنس اینڈ انٹرنیشنل) نیٹ ورکس کی عدم دستیابی کا کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہے۔پی ٹی اے حکام نے زور دیا کہ ایسا کوئی مسئلہ نہیں ہے جو پاکستان کے آئی ٹی اور اے ٹی ایم نیٹ ورکس یا فنانشل سیکٹر کو متاثر کر سکے۔ حالیہ دنوں میں مختلف ذرائع ابلاغ میں یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ ملک بھر میں اے ٹی ایمز کی بندش کا خدشہ ہے، جس کے نتیجے میں عوام میں تشویش پائی جا رہی تھی۔
پی ٹی اے نے اس بات کی بھی وضاحت کی کہ میعاد ختم ہونے والے ایل ڈی آئی لائسنسز معطل یا بند نہیں کیے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق تمام لائسنسز معمول کے مطابق فعال ہیں اور ان کے تحت فراہم کی جانے والی سروسز بلا تعطل جاری ہیں۔ اس حوالے سے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ صارفین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔
اس سے قبل، سوشل میڈیا اور مختلف ذرائع ابلاغ میں یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ ایل ڈی آئی نیٹ ورکس کی عدم دستیابی کے باعث ملک بھر میں اے ٹی ایمز بند ہو سکتی ہیں، جس سے فنانشل سیکٹر اور عوام کی مالی لین دین پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ ان خبروں کے پھیلنے سے عوام میں بے چینی کی کیفیت پیدا ہوگئی تھی اور مختلف حلقوں میں یہ سوالات اٹھائے جا رہے تھے کہ کیا واقعی اے ٹی ایمز کی بندش ممکن ہے۔پی ٹی اے کی جانب سے جاری کی گئی اس وضاحت نے ان تمام افواہوں کو ختم کر دیا ہے اور عوام کو یقین دلایا ہے کہ ملک کے فنانشل سیکٹر اور آئی ٹی نیٹ ورکس محفوظ ہیں۔ پی ٹی اے حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور صرف تصدیق شدہ معلومات پر یقین کریں۔

Leave a reply