سعودی عرب: ابہا ایئر پورٹ پھر حوثی باغیوں کے میزائل حملوں کی زد میں .ایک ہلاک 21 افراد زخمی
ریاض:حوثی باغیوں کی طرف سے سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں گاہے بگاہے میزائل حملے .مشہور ابہا ایئر پورٹ پر تازہ حملے میں حملے میں ایک شامی باشندہ جاں بحق اور 21 زخمی ہوگئے۔سعودی خبر ایجنسی کے مطابق ملک کے جنوب مغربی علاقے کے ابھا کے ایئرپورٹ پر حوثی باغیوں کی طرف سے رواں ماہ دوسرا حملہ کیا گیا ہے، اس حملے میں ایک شامی باشندہ جاں بحق ہوا جب کہ 21 افراد زخمی ہیں۔زخمی ہونے والوں میں 13 سعودی شہری، 4 بھارتی، 2 مصری جب کہ 2 بنگلہ دیشی شہری شامل ہیں۔ سعودی حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو قریبی اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے جن میں سے 2 کی حالت نازک ہے۔
سعودی عرب میں اتحادی افواج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے بھی اس حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حوثی باغیوں کے حملے میں زخمی ہونے والوں میں 3 خواتین اور 2 بچے بھی شامل ہیں جب کہ ایئرپورٹ کے ایک ریسٹورینٹ اور 18 گاڑیوں کو نقصان پہنچا تاہم کرنل ترکی نے حملے کی نوعیت کے حوالے سے تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔واضح رہے ابھا ایئرپورٹ سعودی عرب کا ایک مصروف ہوائی اڈہ ہے جہاں روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں لوگ آمد ورفت کے لیے موجود ہوتے ہیں حوثی باغیوں نے 12 جون کوبھی اسی ایئرپورٹ پر حوثی باغیوں کے میزائل حملے میں 26 افراد زخمی ہوگئے تھے۔