شمالی وزیرستان میں پولیس کے اعلیٰ افسر کے قافلے پر دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائی کے نتیجے میں 5 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے، تاہم ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) وقار احمد خوش قسمتی سے محفوظ رہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق حملہ بنوں،میران شاہ روڈ پر واقع ممش خیل کے علاقے میں اس وقت کیا گیا جب ڈی پی او وقار احمد کا اسکواڈ گزر رہا تھا۔ اچانک نامعلوم مسلح افراد نے پولیس کے قافلے پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں پانچ اہلکار زخمی ہوگئے،حملے کے بعد پولیس کی جوابی کارروائی پر حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے فوراً بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا اور سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے تاکہ حملہ آوروں کو گرفتار کیا جا سکے۔ سیکیورٹی فورسز بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

Shares: