میرپورخاص/کراچی (رپورٹ: سید شاہزیب شاہ)میرپورخاص اور کراچی میں کے ایف سی ریسٹورنٹس پر حملے، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ، 21 افراد گرفتار

بین الاقوامی فوڈ چین کے ایف سی کے ریسٹورنٹس سندھ کے دو شہروں میرپورخاص اور کراچی میں مشتعل افراد کے نشانے پر آگئے۔ مظاہرین نے توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کی کوشش کی، جبکہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 21 افراد کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق میرپورخاص کے نور CNG چوک پر واقع کے ایف سی ریسٹورنٹ پر مشتعل افراد نے حملہ کر دیا، مرکزی دروازے، شیشوں اور فرنیچر کو نقصان پہنچایا اور ریسٹورنٹ کو آگ لگانے کی کوشش کی۔ اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی میرپورخاص ڈاکٹر سمیر نور چنہ پولیس ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور ہوائی فائرنگ اور شیلنگ کرتے ہوئے مظاہرین کو منتشر کر دیا۔ پولیس نے 11 افراد کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کر دیا اور علاقے میں اضافی نفری تعینات کردی۔

دوسری جانب کراچی میں بھی ڈیفنس تھانے کی حدود خیابان اتحاد پر واقع کے ایف سی ریسٹورنٹ پر مشتعل افراد نے حملہ کیا، مرکزی دروازے اور شیشوں کو توڑ دیا۔ پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر کارروائی کرتے ہوئے 10 افراد کو گرفتار کرلیا، جن میں سے ایک شخص کے قبضے سے ہتھوڑا بھی برآمد ہوا۔ پولیس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں کے ایف سی کی تین برانچز پر حملے کیے جا چکے ہیں۔

ایس ایس پی میرپورخاص ڈاکٹر سمیر نور چنہ نے بتایا کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ کراچی پولیس کا بھی کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کیے جا رہے ہیں اور مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔

Shares: