باغی ٹی وی :ڈیرہ غازیخان .حکومت پنجاب کی ہدایت پر محکمہ خوراک ڈیرہ غازیخان کی سمگلروں کیخلاف بڑی کارروائیاں جاری ہیں،726میٹرک ٹن گندم،32میٹرک ٹن آٹا کی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔17مختلف گاڑیوں سے برآمد کردہ گندم کی مالیت5کروڑ80لاکھ،80ہزار روپے بنتی ہے۔کمشنر لیاقت علی چٹھہ اور ڈپٹی کمشنر محمد انور بریار کی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ شیخ عبد الروف اور ڈی ایف سی مہر اختر حسین نے گزشتہ شب سمگلروں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا۔گندم اور آٹالیہ،ملتان،کوٹ ادو،بہاولپور، راجن پور،مظفر گڑھ اور رحیم یار خان سے لوڈ کیا گیا تھا اور اسے تریمن چیک پوسٹ سے خیبرپختونخوا سمگل کیا جارہا تھا۔ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر مہر اختر حسین گاڑی نے مالکان کے خلاف مقدمات درج کروادئیے ہیں۔دوسری طرف محکمہ خوراک نے ایک اور کارروائی کے دوران ذخیرہ کی گئی ایک ہزار گندم کی بوریاں بھی برآمد کرلیں ہیں،ڈی ایف سی مہر اختر حسین نے گودام سیل کرکے مالک کیخلاف تھانہ کالا میں استغاثہ جمع کروا دیا ہے۔ڈی ایف سی کا اس سلسلہ میں کہنا ہے کہ کمشنر لیاقت علی چٹھہ اور ڈپٹی کمشنر محمد انور بریار کی زیرنگرانی گندم،آٹا اور کھادوں کے سمگلروں کیخلاف کارروائیاں جاری رہیں گی،سمگلر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔

Shares: