اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں منظور احمد وٹو مرحوم کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی اور مرحوم کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
گورنر پنجاب نے مرحوم کے بلند درجات کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ میاں منظور احمد وٹو کی پاکستان پیپلز پارٹی کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم ایک منجھے ہوئے اور مدبر سیاستدان تھے جنہوں نے اپنی سیاسی زندگی میں اہم کردار ادا کیا۔
میاں منظور احمد وٹو مرحوم کی نمازِ جنازہ ان کے آبائی گاؤں وساوے والا، حویلی لکھا میں ادا کی گئی، جس میں گورنر پنجاب کے علاوہ سیاسی رہنماؤں، صحافیوں، کاروباری شخصیات اور مختلف شعبۂ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔








