باغی ٹی وی(اٹک سے ملک امان شجاع کی رپورٹ) حکومت پنجاب لائیو اسٹاک اور زراعت کے شعبوں کی ترقی کے لیے سرگرم عمل ہے، جس کا مقصد مویشی پال حضرات کی معیشت کو بہتر بنانا اور گوشت و دودھ کی پیداوار میں اضافہ کرنا ہے۔ یہ بات ملک حمید اکبر خان نے لائیو اسٹاک کارڈ کی تقسیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک اٹک، ڈاکٹر اویس اکرم نے تقریب میں حکومت پنجاب کے ویژن پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ محکمہ لائیو اسٹاک وزیر لائیو اسٹاک و ایگریکلچر اور سیکرٹری لائیو اسٹاک کی زیر نگرانی عملی اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع اٹک میں 25 لائیو اسٹاک کارڈ جاری کیے جا رہے ہیں، جو مویشی پال حضرات کے لیے ترقی کا پیش خیمہ ثابت ہوں گے۔

لائیو اسٹاک کارڈ حکومت پنجاب اور بینک آف پنجاب کے اشتراک سے جاری کیا جا رہا ہے، جس کے تحت مویشی پال حضرات کو بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے۔ ان قرضوں سے جانوروں کی خوراک میں بہتری لا کر گوشت اور دودھ کی پیداوار میں اضافہ کیا جا سکے گا۔ اس اقدام سے نہ صرف مویشی پال حضرات کی معیشت مضبوط ہو گی بلکہ صوبائی اور قومی سطح پر گوشت کی ضروریات بھی پوری ہوں گی۔

Shares: