اٹک (باغی ٹی وی، ملک امان شجاع)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت شروع کیے گئے "ستھرا پنجاب پروگرام” کے تحت اٹک میں صفائی مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ اس موقع پر کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد عوام کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنا ہے جو نہ صرف شہریوں کی زندگیوں میں بہتری لائے گا بلکہ اٹک جیسے شہروں میں عالمی معیار کی صفائی سہولیات متعارف کرائے گا۔

یہ بات انہوں نے اٹک میں راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی صفائی خدمات کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں کمشنر راولپنڈی عامر خٹک مہمان خصوصی تھے جبکہ ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف، سی ای او راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رانا ساجد صفدر، ایم این اے شیخ آفتاب، ایم پی اے چوہدری شیر علی، حمید اکبر، جہانگیر خانزادہ، اور دیگر معززین نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران سی ای او راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رانا ساجد صفدر نے پروگرام کی تفصیلات پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ اٹک میں جدید صفائی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے، جس میں تربیت یافتہ عملہ اور جدید مشینری شامل ہیں۔ یہ مہم عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

کمشنر راولپنڈی عامر خٹک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صفائی حکومت کی ذمہ داری ہے، لیکن عوام کو بھی اس مہم میں شریک ہونا ہوگا۔ "ہم سب کو مل کر یہ عہد کرنا ہوگا کہ اپنے شہروں کو گندگی سے پاک رکھیں گے اور اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے،” انہوں نے کہا۔

ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف نے اس موقع پر کہا، "آج کا دن اٹک کے لیے تاریخی دن ہے کیونکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت صفائی کے اس منصوبے کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ ہم اٹک کے عوام سے درخواست کرتے ہیں کہ صفائی کے عملے کے ساتھ تعاون کریں اور کوڑا کرکٹ مقررہ جگہوں پر ڈالیں۔”

ایم این اے شیخ آفتاب نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام وزیر اعلیٰ پنجاب کا ایک شاندار اقدام ہے، جس سے عوام کو صحت مند ماحول فراہم ہوگا اور صفائی کے معیار میں اضافہ ہوگا۔ ایم پی اے چوہدری شیر علی نے کہا کہ صفائی ایک قومی فریضہ ہے اور ہمیں اپنی ذمہ داری کو سمجھنا ہوگا۔

تقریب کے اختتام پر سی ای او رانا ساجد صفدر نے معزز مہمانوں کو شیلڈز پیش کیں اور صفائی کے اس اہم منصوبے کو کامیاب بنانے میں ان کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

یہ پروگرام اٹک میں صفائی کے شعبے میں انقلاب برپا کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے، جس سے شہریوں کو بہتر ماحول میسر آئے گا اور صحت عامہ میں نمایاں بہتری آئے گی۔

Shares: