اٹک: "روشنی کی ایک صدی” کی تقریب رونمائی، شیخ آفتاب کا خطاب

اٹک،باغی ٹی وی (ملک امان شجاع) رکن قومی اسمبلی شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ ڈاکٹر ارشد محمود ناشاد کی کتاب "روشنی کی ایک صدی” کی طباعت ایک عظیم اور تاریخی لمحہ ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار کتاب کی تقریبِ رونمائی سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کی صدارت سابق ڈائریکٹر جنرل تعلقاتِ عامہ پنجاب خواجہ طاہر جمیل نے کی۔

تقریب میں کتاب کے مصنف ڈاکٹر ارشد محمود ناشاد، پرنسپل گورنمنٹ گریجویٹ کالج پروفیسر خالد جاوید صدیقی، سابق پرنسپل گورنمنٹ گریجویٹ کالج اٹک پروفیسر ماجد وحید، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز پروفیسر ارشد خان، پروفیسر ہمایوں شکیل، پروفیسر طارق نعمانی، پروفیسر ابرار حسین، پروفیسر شریف زاہد، پروفیسر ڈاکٹر زوار حسین، پروفیسر ناصر علی شاہ، پروفیسر راحت علی خان، پروفیسر وسیم حیدر، پروفیسر عثمان صدیقی، پروفیسر اظہر محمود، مشتاق عاجز، شیخ احسن الدین ایڈووکیٹ، شیخ وقار عظیم ایڈووکیٹ، سردار ساجد خان، چیئرمین بلدیہ اٹک شیخ ناصر محمود، سید شوکت بخاری، شیخ وقاص، اعجاز مہر، محمد سلیم، پروفیسر نصرت بخاری، مونس رضا، محمد طاہر، طاہر اسیر، اقبال زر کاش، ارشاد احمد، سیکرٹری اطلاعات پاکستان مسلم لیگ (ن) ڈاکٹر میاں راشد مشتاق، ضلعی صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) سلیم شہزاد، گورنمنٹ پائلٹ اسکول کے اکرم ضیاء، پرنسپل گورنمنٹ بوائز اسکول کامرہ ملک عامر اقبال، معروف تاریخ دان و محقق راجہ نور محمد نظامی، امجد حسین، سابق سی ای او ایجوکیشن راجہ مختار احمد، میڈیکل اسپیشلسٹ ڈاکٹر ریاض احمد، معروف مصنف ڈاکٹر خاور چوہدری اور دیگر معزز مہمان شریک تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ ڈاکٹر ارشد محمود ناشاد کی کتاب "روشنی کی ایک صدی” کا شائع ہونا ان کی محنتِ شاقہ اور ایک صبر آزما کام کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب پورے صوبہ خیبر پختونخوا میں صرف اسلامیہ کالج پشاور کے نام سے ایک کالج موجود تھا، اور اس کے بعد گورنمنٹ کالج اٹک کا نام آتا تھا۔ اس عظیم درسگاہ نے ایسی شخصیات پیدا کیں جنہوں نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں مقام حاصل کر کے پاکستان کا نام روشن کیا، اور یہ سب اس تاریخی درسگاہ کے اساتذہ کی محنت اور لگن کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی اس کالج کے سابق طالب علم رہے ہیں، اور ان کی کامیابی میں ان کے اساتذہ کا کردار انتہائی اہم ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق ڈائریکٹر جنرل تعلقاتِ عامہ پنجاب خواجہ طاہر جمیل نے ڈاکٹر ارشد محمود ناشاد کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کی تاریخی کاوش کو آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ناشاد ایک اعلی درجے کے شاعر، ادیب، محقق، اور ماہرِ تعلیم کے طور پر ادبی اور علمی حلقوں میں نمایاں مقام کے حامل ہیں۔ شعر و ادب کے مختلف موضوعات پر ان کی تین درجن سے زائد شائع شدہ تصانیف کسی تعارف کی محتاج نہیں ہیں۔ خواجہ طاہر جمیل نے کہا کہ "روشنی کی ایک صدی” لکھنے کی سعادت اللہ تعالیٰ نے ڈاکٹر ناشاد کے لیے مخصوص کر رکھی تھی۔ انہوں نے اپنی کتاب میں گورنمنٹ کالج اٹک کی 100 سالہ تعلیمی ترقی کا ایک سچا اور قابل رشک مرقع پیش کیا۔ ڈاکٹر ارشد محمود ناشاد نے اسلوبِ تحریر کی سادگی، شگفتگی، اور بے ساختگی کو آخر تک برقرار رکھا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کتاب کے مصنف ڈاکٹر ارشد محمود ناشاد نے کہا کہ وہ اس اہم تاریخی دستاویز کو کامیابی سے مکمل کرنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنی پوری کوشش کی کہ کالج کی 100 سال کی تاریخ کو بخوبی اور جامع انداز میں مرتب کر سکیں، مگر ان کے خیال میں شاید کہیں کوئی تشنگی رہ گئی ہو۔ انہوں نے کالج کے کتب دار نذر محمد صابری کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔ ڈاکٹر ارشد محمود ناشاد نے کہا کہ جب وہ گورنمنٹ کالج اٹک سے منسلک مشہور شخصیات کے بارے میں لکھ رہے تھے تو انہیں محسوس ہوا جیسے وہ تمام شخصیات ان کے سامنے موجود ہیں اور ان سے ہم کلام ہیں۔

آخر میں مہمانوں کو تحائف پیش کیے گئے۔

Comments are closed.