لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) حکام کا آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کا شیڈول جاری کرنے کے بارے میں ایونٹ کی منسوخی کی اطلاعات پر موقف سامنے آیا ہے-
باغی ٹی وی : پی سی بی حکام کا موقف ہے کہ 11 نومبر کو لاہور میں حتمی شیڈول کے اعلان کا کوئی پروگرام تھا ہی نہیں اور ہی اس کا کوئی اعلان کیا گیا تھا، ایونٹ کا پلان ہی نہیں تھا تو منسوخ ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، میڈیا میں آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کے شیڈول کے اعلان کی منسوخی پر ایک آفیشل نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر واضح کیا کہ آئی سی سی کی جانب سے ایسا کوئی ایونٹ ترتیب ہی نہیں دیا گیا تھا۔
بورڈ کی جانب ذرائع نے مزید کہا کہ اگر ایسا کوئی پروگرام فائنل ہوتا تو پی سی بی سے ضرور مشاورت کی جاتی اور پی سی بی ہی اس کا انتظام کرتا، ہوسکتا ہے کہ کسی موقع پر ایسی کوئی بات زیر غور لائی گئی ہو لیکن ایسا کوئی ایونٹ فائنل نہیں ہوا تھا۔
واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی فروری 2025 میں پاکستان میں شیڈول ہے تاہم ابھی تک بھارتی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں شرکت کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے جبکہ میڈیا رپورٹس سے خبریں پھیلائی جارہی ہیں کہ انڈین ٹیم پاکستان نہیں آئے گی۔