گوجرہ(باغی ٹی وی،سٹی رپورٹرمحمداجمل خان ) آسٹریلیا کے ہائی کمشنر برائے پاکستان نیل ہاکنز نے گوجرہ کا دورہ کیا، جہاں ان کے اعزاز میں ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن ٹوبہ ٹیک سنگھ کے زیر اہتمام مردوں اور خواتین کے نمائشی ہاکی میچ کھیلے گئے۔ یہ میچز گوجرہ انٹرنیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں منعقد ہوئے، جس کی نگرانی پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور اولمپیئن طاہر زمان نے کی۔

تفصیلات کے مطابق تقریب کے مہمان خصوصی آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنز تھے، جنہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کیے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے گوجرہ آکر خوشی کا اظہار کیا اور بتایا کہ وہ خود بھی ہاکی کے کھلاڑی رہے ہیں، اگرچہ زیادہ اچھے نہیں تھے۔ انہوں نے مزاحاً کہا کہ "گوجرہ کا پانی پی لیا ہے، ہوسکتا ہے اس سے اچھا ہاکی کھلاڑی بن جاؤں۔”

ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے گوجرہ کے نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں میں ہاکی کا حیران کن ٹیلنٹ موجود ہونے کی تعریف کی اور کہا کہ حکومت پاکستان کو قومی کھیل ہاکی کے مستقبل کے لیے سپورٹ کرنی چاہیے۔ اس موقع پر ان کی اہلیہ بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ انہوں نے کھلاڑیوں کے ساتھ گھل مل کر ان کی حوصلہ افزائی کی۔

اس پروگرام کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ نمائشی میچوں کو دیکھنے کے لیے شائقین ہاکی کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا۔

Shares: