ضلع ڈیرہ غازی خان سے گندم اور آٹا کی غیر قانونی ترسیل روکنے کیلئے چیک پوسٹوں کو فعال کرنے کے ساتھ ملوث عملہ کو تبدیل کرنے کے احکامات جاری کردئیے گئے ہیں
باغی ٹی وی :ضلع ڈیرہ غازی خان سے گندم اور آٹا کی غیر قانونی ترسیل روکنے کیلئے چیک پوسٹوں کو فعال کرنے کے ساتھ ملوث عملہ کو تبدیل کرنے کے احکامات جاری کردئیے گئے ہیں۔سبسڈی آٹا کی خریدوفروخت کا باقاعدہ آڈٹ کرایا جائیگا کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے فلور ملز مالکان اور محکمہ خوارک کے افسران کے اجلاس میں واضح احکامات جاری کردئیے۔کمشنر ڈیرہ غازی خان لیاقت علی چٹھہ کی زیر صدارت فلورملز مالکان، نمائندوں اور محکمہ خوارک کے افسران کا اجلاس منعقد ہوا۔ڈپٹی کمشنر محمد انور بریار،ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن خالد منظور،اسسٹنٹ کمشنرز حیات اختر،حارث محمود،ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ عبدالروف،ڈی ایف سی مہر اختر حسین اور دیگر افسران موجود تھے۔اجلاس میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سبسڈی آٹا کی دستیابی یقینی بنانے،سبسڈی آٹا کی خریدوفروخت کا باقاعدہ ریکارڈ مرتب کرنے کی ہدایات جاری کردی گئیں۔کمشنر نے کہا کہ سبسڈی آٹا کی خریدوفروخت کا باقاعدہ آڈٹ کرایا جائیگا۔گندم اور آٹا کی دیگر صوبوں میں غیر قانونی ترسیل روکنے کیلئے مزید سختی کی جائے۔خوراک،ریونیو،زراعت،پولیس،بی ایم پی اور دیگر محکموں کے نمائندے چوبیس گھنٹے راستوں کی کڑی نگرانی کریں.انہوں نے کہا کہ ضلع ڈیرہ غازی خان سیلاب سے متاثر ہوا ہے اور لوگوں کی گندم خراب ہوگئی ہے،شہریوں کو وافر مقدار میں سبسڈی آٹا کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے فلورملز کا کوٹہ بڑھانے کیلئے سفارشات بھیجیں گے۔کمشنر نے کہا کہ بین الصوبائی چیک پوسٹوں کو فعال کرنے اور تعینات سرکاری عملہ کی کڑی نگرانی کی جائے۔گندم اور آٹا کی سمگلنگ میں ملوث عملہ کو فوری تبدیل کردیا جائے۔
ڈپٹی کمشنر محمد انور بریار نے کہا کہ فلور ملز کو روزانہ 184 میٹرک ٹن کوٹہ کے تحت گندم دی جارہی ہے ڈی جی خان ضلع میں سبسڈی آٹا کے 214 سیل پوائنٹس بنائے گئے ہیں۔حکومتی سبسڈی کے دس کلو کے 12880 کے تھیلے سیل پوائنٹس پر دئیے جارہے ہیں۔ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر پانچ فلور ملز مالکان کو 577528 روپے جرمانہ کیا گیا اور دو فلور ملز کے لائسنس بھی منسوخ کئے گئے۔چیک پوسٹ پر سختی سے گندم اور آٹا کی سمگلنگ پر 96 مقدمات درج کئے گئے۔مہم کے دوران 800 میٹرک ٹن گندم اور 711 میٹرک ٹن آٹا ضبط کیا گیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ عبدالروف نے بریفنگ میں بتایا کہ شادن لنڈ فوڈ سنٹر پر سیلاب سے 1776 میٹرک ٹن گندم متاثر ہوئی۔شادن لنڈ فوڈ سنٹر سے 242178 میٹرک ٹن گندم محفوظ مقامات پر منتقل کی گئی۔

Shares: