عوام ملک میں انصاف چاہتے ہیں، نظریہ ضرورت نہیں،مریم اورنگزیب

0
34
Maryam

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کا نگران حکومت پر شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخاب نہ کروانے کا الزام دفن ہوگیا ہے-

باغی ٹی وی: تفصیلات کے مطابق ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کا نگران حکومت پر شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخاب نہ کروانے کا الزام دفن ہوگیا ہے، یہ بڑی کامیابی ہے جس کا عمران خان نے اعتراف کر لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2018 میں این اے 193 میں مسلم لیگ (ن) کا کوئی انتخابی امیدوار نہیں تھا، گزشتہ روزپہلی بار اس حلقے سے 53000 ووٹ لیے ہیں جس پر ووٹرز کا شکریہ ادا کرتے ہیں، ووٹرز نے مسلم لیگ (ن) پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔

مریم اورنگزیب نےعمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آگے آگے دیکھو ہوتا ہے کیا، گھڑی چور فتنے، جیت جائیں تو فتح کا جشن اور ہار جائیں تو الیکشن کمیشن کے باہردھرنا اور الزامات؟،عوام ملک میں انصاف چاہتے ہیں، نظریہ ضرورت نہیں۔

واضح رہے کہ راجن پور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے193 پر ضمنی انتخاب کے تمام 237 پولنگ اسٹیشنوں کے غیر حتمی اورغیر سرکاری نتائج سامنے آگئے۔

غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے محمد محسن لغاری 90392 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر رہے جبکہ مسلم ليگ ن کے عمار احمد خان لغاری 55218 ووٹ لےکر دوسرے نمبر پر رہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے اختر حسن خان گورچانی 20 ہزار 74 ووٹ حاصل کر کے تیسرے نمبر پر رہے جبکہ تحریک لبیک پاکستان کے محمود احمد 3 ہزار 961 ووٹ لیکر چوتھے نمبر پر رہے۔

خیال رہے کہ این اے 193 کی نشست پی ٹی آئی کے ایم این اے سردار جعفر لغاری کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔

Leave a reply