عوام حکمرانوں کی مفت بجلی اور عیاشیوں کے خرچے مزید برداشت نہیں کرسکتے،حافظ نعیم الرحمان

0
84
Hafiz Naeem Urrehman

کراچی: امیر جماعت اسلامی، حافظ نعیم الرحمان نے ملک بھر میں چترال سے لے کر کراچی تک کل ایک کامیاب ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ اس ہڑتال کا مقصد حکومت کی تاجروں کے خلاف پالیسیوں کے خلاف احتجاج کرنا ہے۔حافظ نعیم الرحمان نے اپنے بیان میں حکومت کی تاجر دشمن سکیموں پر سخت تنقید کی اور کہا کہ حکومت تاجر دوست کے نام پر ایسی پالیسیاں متعارف کرا رہی ہے جو دراصل تاجروں کے مفادات کے خلاف ہیں۔ انہوں نے تاجروں سے اپیل کی کہ وہ حکومتی دھوکے میں نہ آئیں اور صرف وہی کام کریں جو ملک اور قوم کے مفاد میں ہو۔
حکمرانوں کی مراعات پر بات کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکمران اپنی عیش و عشرت چھوڑنے کو تیار نہیں ہیں، اور عوام اب ان کی بڑی گاڑیوں اور مفت بجلی کا بوجھ اٹھانے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام حکمرانوں کی مفت بجلی اور عیاشیوں کے خرچے مزید برداشت نہیں کرسکتے۔تاجروں کے مسائل پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تاجر ٹیکس دینے کو تیار ہیں، لیکن مارکیٹوں کی بنیاد پر ٹیکسوں کا تعین کرنا انہیں منظور نہیں۔ انہوں نے جاگیرداروں پر ٹیکس عائد کرنے کا مطالبہ کیا اور حکمران طبقے کو اپنے خرچے کم کرنے کا مشورہ دیا۔آئی پی پیز (انڈیپینڈنٹ پاور پروڈیوسرز) کے معاہدوں کے حوالے سے، حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اگر ان معاہدوں کو ختم کیا جائے تو تاجروں اور عوام کو خود بخود ریلیف ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ کل کی ہڑتال حکومت کو اپنے فیصلوں پر نظرثانی کرنے پر مجبور کرے گی اور اسے پیچھے ہٹنا پڑے گا۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ کل کی ہڑتال کے بعد تاجروں کے ساتھ مشاورت کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی تاجروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ان کے حقوق کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔ملک گیر ہڑتال کی کامیابی کے حوالے سے حافظ نعیم الرحمان پرامید نظر آئے اور انہوں نے اس بات کا یقین دلایا کہ تاجر برادری اپنے اور عوام کے مفاد میں حکومت کے خلاف اس ہڑتال میں بھرپور حصہ لے گی۔

Leave a reply