عوام کی صحت سے کھلواڑ، محاسبہ کون کرے گا، تجزیہ : شہزاد قریشی

قرآن کریم اور احاد یث رسول میں ملاوٹ اور کم تولنے والوں کے لئے واضح احکامات موجود ہیں۔

اسلام آباد( شہزاد قریشی ) ملاوٹ زدہ اشیاء خوردونوش جعلی ادویات کی بے خوف و خطر فروخت عوام الناس کی صحت سے گھنائونا کھیل ہے اور کرپٹ بیورو کریسی کی بے حسی کا عکاس ہے ہسپتالوں میں ڈینگی سمیت دیگر امراض میں مبتلا مریضوں کی بھرمار اور ادویات کے بے اثر اور بے فائدہ علاج پر عوام کی جیبوں پر ڈاکے ریاست کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہیں، آخر ریاستی ادارے کب بیدار ہوںگے؟ضلعی انتظامیہ اورصوبائی عدالتی نظام میں فوڈ کنٹرول اتھارٹی ، ڈرگ کنٹرول انسپکٹرز اور ڈرگ کورٹس کا نظام تو موجود ہے ۔

ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹریز بھی موجود ہیں اور بھاری تنخواہوں پر پلنے والے افسران آخر کس مرض کی دوا ہیں، جعلی ادویات بنانے والی فیکٹریوں کے مالکان ، مضر صحت مشروبات ، ملاوٹ شدہ دودھ اورمصالحہ جات حتیٰ کہ منرل واٹر کی بوتلوں میں ناقص پانی بیچنے والے مافیاز کی گرفت کون کرے گا کون سے طاقتور خفیہ ہاتھ ہیں جو ان انسانی صحت کے کھلے دشمنوں کو تحفظ فراہم کرتے ہیں اسلام کے نام پر قائم ہونے والی ریاست میں ملاوٹ ، رشوت ستانی کی کھلی چھٹی بے شک اللہ کے ساتھ کھلی جنگ ہےقرآن کریم اور احاد یث رسول میں ملاوٹ اور کم تولنے والوں کے لئے واضح احکامات موجود ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب اور دیگر صوبائی حکومتوں کو صحت عامہ کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے سخت ترین اقدامات کرنے ہوں گے اور ملاوٹ زدہ اور مضر صحت خوراک و ادویات کے خلاف بلا تفریق مہم جوئی کرنی ہوگی-

Comments are closed.