اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی اسرائیل کے حملوں کی شدید مذمت

ayaz

اسلام آباد : اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اسرائیل کی جانب سے فلسطین، یمن اور لبنان پر جاری حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے ان حملوں کے نتیجے میں ہونے والی معصوم شہریوں کی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا اور عالمی برادری، بالخصوص اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اسرائیلی جارحیت کا نوٹس لے اور ان مظالم کو روکنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے۔سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام کے دل فلسطین اور لبنان کے عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور وہ اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کی جانب سے نہتے اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے اور عالمی برادری کو ان مظالم پر خاموش تماشائی بنے رہنے کے بجائے فوری کارروائی کرنی چاہیے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ فلسطین اور لبنان میں جاری صورتحال پر ہر باشعور انسان کا دل خون کے آنسو روتا ہے۔ ان کے مطابق، اسرائیل کی ظالمانہ کارروائیاں بین الاقوامی امن اور سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ انہوں نے عالمی امن پسند قوتوں پر زور دیا کہ وہ انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے یکجا ہوں اور اسرائیل کو مزید مظالم سے روکا جائے۔سردار ایاز صادق نے مزید کہا کہ پاکستان ہمیشہ فلسطینی عوام کے حق خود ارادیت کی حمایت کرتا آیا ہے اور کرتا رہے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام ہر فورم پر فلسطین اور لبنان کے مظلوم عوام کی آواز بنیں گے۔اسپیکر کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عالمی سطح پر اسرائیل کی جانب سے فلسطین اور لبنان پر حملوں کی لہر پر سخت تنقید کی جا رہی ہے اور انسانی حقوق کی تنظیمیں ان حملوں کو نسل کشی قرار دے رہی ہیں۔

Comments are closed.