صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کے بیرونِ ملک دوروں کے باعث اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے قائم مقام صدرِ پاکستان کے طور پر اپنے فرائض سنبھال لیے ہیں۔
کابینہ ڈویژن کی جانب سے باضابطہ طور پر نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس کے تحت سردار ایاز صادق آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 49(2) کے تحت صدرِ مملکت کی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔ذرائع کے مطابق، صدرِ پاکستان آصف علی زرداری اس وقت بیرونِ ملک دورے پر ہیں، جب کہ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی بھی غیر ملکی مصروفیات کے باعث ملک میں موجود نہیں۔ ایسے میں آئینی تقاضوں کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی کو قائم مقام صدر مقرر کیا گیا ہے۔
سردار ایاز صادق، جو کہ ملک کے سینئر پارلیمنٹرینز میں شمار ہوتے ہیں، اس سے قبل بھی اسپیکر قومی اسمبلی کے طور پر کئی بار آئینی و پارلیمانی امور میں مرکزی کردار ادا کر چکے ہیں۔کابینہ ڈویژن کے مطابق سردار ایاز صادق صدرِ مملکت کی وطن واپسی تک قائم مقام صدر کے طور پر خدمات انجام دیتے رہیں گے۔