آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے لیے جاری مہم آج اختتام پزیر، انتخابات کا میدان کل سجے گا

0
38

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے لیے جاری مہم آج اختتام پزیر ہوگئی اور انتخابات کل ہوں گے۔

باغی ٹی وی : آزاد کشمیر میں آج پولنگ کا سامان تقسیم کیا جا رہا ہے جب کہ پولنگ عملہ اپنی جائے تعیناتی کے لئے روانہ ہونا شروع ہوگیا ہے۔پولنگ کل صبح 8 سے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔

آزاد کشمیر کے عام انتخابات میں 7 سو سے زائد امیدوار میدان میں ہیں آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کی 45 نشستوں کیلئے 32 لاکھ سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جبکہ 45 حلقوں میں سے 12 حلقوں میں کانٹے کا مقابلہ ہو گا۔

تحریک انصاف، مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی میں تگڑا مقابلہ متوقع ہے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی عمل کے لئے 45 حلقوں میں مردوں کے 1398 خواتین کے 1353 اور مشترک 1992 سمیت کل 6139 پولنگ سٹیشن قائم کئے جائیں گے۔

پاکستان میں بسنے والے چار لاکھ پانچ ہزار 253 کشمیری بھی ووٹ کا حق استعمال کر سکیں گے، آزاد کشمیر میں رینجرز طلب کر لی گئی ہے، فوج سٹینڈ بائی ہے جبکہ پنجاب میں پولیس امن و امان سنبھالے گی۔

آزاد کشمیر کے عام انتخابات میں دارالحکومت مظفرآباد کی نشست حلقہ ایل اے 29 مظفرآباد 3 پر 2011 اور 2016 میں مسلسل دو مرتبہ منتخب ہونے والے مسلم لیگ ن کے امیدوار بیرسٹر افتخار علی گیلانی کا مقابلہ سینئر ترین پارلیمینٹیرین خواجہ فاروق سے ہے۔

حلقہ ایل اے 31 مظفرآباد 5 میں پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری لطیف اکبر کا مقابلہ مسلم کانفرنس کے راجہ ثاقب مجید سے ہے جبکہ حلقہ ایل اے 32 میں وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدرخان اپنے آبائی حلقے میں پاکستان پیپلز پارٹی کے صاحبزادہ اشفاق ظفر سے مدمقابل ہیں۔

وادی لیپہ کی نشست حلقہ ایل اے 33 سے بھی راجہ فاروق حیدر انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں جہاں ان کے مقابل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دیوان علی خان ہوں گے۔

سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر اور مسلم کانفرنس کے قائد سردار عتیق احمد خان حلقہ ایل اے 14 میں پی ٹی آئی کے امیدوار میجر ریٹائرڈ لطیف خلیق کے مابین سخت مقابلے کا امکان ہے۔

حلقہ ایل اے 15 میں پی ٹی آئی کے امیدوار سردار تنویر الیاس کے مد مقابل مسلم لیگ ن کے مشتاق منہاس اور مسلم کانفرنس کے راجہ یاسین ہیں، تنویر الیاس کا نام آزاد کشمیر کے اگلے وزیراعظم کے طور پر بھی لیا جا رہا ہے لہٰذا یہاں بھی مقابلہ کانٹ دار ہونے کا امکان ہے۔

حلقہ ایل اے 16 میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سردار قمرالزمان تحریک انصاف کے سردار میر اکبر کے مد مقابل ہیں۔

Leave a reply