
آزاد کشمیر کے علاقے لسدنہ حاجی پیر روڈ پر شدید برفباری اور سرد موسم میں دو گاڑیاں مسافروں سے بھر کر پھنس گئیں۔ ان گاڑیوں میں سوار افراد شدید مشکلات کا شکار تھے اور سردی کی شدت میں اضافہ ہو رہا تھا۔
اطلاع ملنے پر پاکستان آرمی نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا۔ آرمی کے جوانوں نے سخت موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ریسکیو کی کارروائی شروع کی اور برف میں پھنسے مسافروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔پاک آرمی کی امدادی ٹیموں نے نہ صرف مسافروں کو محفوظ مقام تک پہنچایا بلکہ انہیں فوری طور پر کھانا اور دیگر ضروری امدادی سامان فراہم کیا۔ فوجی جوانوں نے برفباری اور شدید سرد موسم کے باوجود اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر مسافروں کی مدد کی۔
ریسکیو کیے گئے مسافروں نے پاکستان آرمی کی بروقت اور مستعد امداد پر دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔ ان مسافروں کا کہنا تھا کہ اگر فوج کی فوری کارروائی نہ ہوتی تو حالات مزید خراب ہو سکتے تھے۔پاکستان آرمی کی فوری امدادی کارروائی نے نہ صرف مسافروں کی زندگیاں بچائیں بلکہ ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا کہ فوج اپنے شہریوں کی حفاظت کے لیے ہر وقت تیار ہے، چاہے موسمی حالات کتنے بھی مشکل کیوں نہ ہوں۔