پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کا اجلاس شروع ہو چکا ہے، وزیراعظم عمران خان اجلاس میں خصوصی طور پر شریک ہیں

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی،اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصراور وفاقی کابینہ کے ارکان بھی اجلاس میں شریک ہیں، وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کشمیرکاسفر72 سال نہیں5سو سال پر محیط ہے،1989 سے اب تک ایک لاکھ سے زائد کشمیری جان قربان کرچکے،1932 میں کشمیریوں کا قتل عام کیا گیا، سروں کی قیمت مقرر کی گئی،کشمیریوں کی جدوجہدآزادی کاسلسلہ جاری رہے گا،

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آبا پہنچ گئے،صدر آزاد کشمیر سردار مسعود ،وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر اور اراکین کابینہ نےعمران خان کا استقبال کیا، وزیراعظم عمران خان کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا.

وزیراعظم عمران خان مظفر آباد میں آل پارٹیز کانفرنس سمیت دیگر کشمیری رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

واضح رہے کہ آج ملک بھر میں یوم آزادی پاکستان یکجہتی کشمیر کے طور پر منایا جا رہا ہے، مودی سرکار نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر دی ہے اس کے بعد پاکستان نے بھارت کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم کر لئے اور یوم آزادی پاکستان کو یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منانے کا اعلان کیا

Shares: