بھارتی خفیہ ایجنسی ‘را’ کو حساس معلومات فراہم کرنے کے الزام میں راولاکوٹ کے رہائشی ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزم کے خلاف تھانہ صدر مظفرآباد میں آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق، ملزم نے بھارتی خفیہ ایجنسی کے لیے جاسوسی کرتے ہوئے ملکی حساس معلومات دشمن ملک کو مہیا کیں۔ ملزم نے اپنے مقامی علاقے کی جی پی ایس لوکیشنز بھاری رقم کے عوض ‘را’ کو فراہم کیں، جو کہ قومی سلامتی کے لیے انتہائی خطرناک قدم سمجھا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت نے 6 مئی کی شب مظفرآباد کی تاریخی بلال مسجد پر میزائل حملہ کیا تھا، جس سے مسجد کو شدید نقصان پہنچا تھا۔
پولیس اور سکیورٹی ادارے اس کیس کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں تاکہ جاسوسی کے دیگر ممکنہ نیٹ ورک کا پتہ لگایا جا سکے اور قومی سلامتی کو لاحق خطرات کو مؤثر طریقے سے ختم کیا جا سکے۔مظفرآباد کے شہریوں نے اس گرفتاری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانا پاکستان کی سلامتی کے لیے بہت ضروری ہے۔








