آزادی تک کشمیر کا کیس لڑوں گا،مولانا صرف ڈیزل کے پرمٹ پر بک جاتے ہیں، وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قوم اور کشمیریوں سے وعدہ ہے کہ جب تک کشمیر آزاد نہیں ہوتا دنیا کے ہر فورم پر ان کا کیس لڑوں گا،
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ ٹوپی صوابی میں نئے اکیڈمک بلاک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مخالفین کہتے ہیں کہ عمران خان بڑے یوٹرن لیتے ہیں، مخالفین دیکھ لیں یوٹرن لیتے لیتے میں وزیراعظم بن گیا اور وہ آج جیل میں ہیں، مقصد کیلئے سمجھوتہ کرتا ہوں مقصد پر سمجھوتہ نہیں کرتا، مخالفین کو این آر او کبھی نہیں ملے گا، ملک پر تھوڑا مشکل وقت ہے یہ بھی نکل جائے گا، ہمارے رول ماڈل حضور اکرم ہیں، جن کا کوئی ثانی نہیں، تعلیم موجودہ حکومت کی ترجیح ہے، تعلیمی معیار پر سمجھوتہ نہیں ہونا چاہئے، اچھے تعلیمی ادارے کبھی معیار گرنے نہیں دیتے، معاشرہ میں اساتذہ اور سکالرز کا احترام بحال کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے ٹوپی میں غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ کے نئے اکیڈمک بلاک کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ پیر کو وزیراعظم عمران خان نے تختی کی نقاب کشائی کرکے اکیڈمک بلاک کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان، وفاقی وزیر برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود اور خیبرپختونخوا کے وزیر تیمور سلیم بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم نے نئے اکیڈمک بلاک کے افتتاح کے بعد سرسبز پاکستان مہم کے تحت پودا بھی لگایا،
وزیراعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ نے ہندوﺅں کی آر ایس ایس آئیڈیالوجی کو بھانپ لیا تھا کیونکہ انہیں معلوم تھا کہ ہندو مسلمانوں کو دوسرے درجے کا شہری سمجھتے ہیں۔ قوم اور کشمیر کے لوگوں سے وعدہ ہے کہ جب تک کشمیر آزاد نہیں ہوتا تو دنیا میں ہر فورم پر ان کا کیس لڑوں گا۔ نبی کریم ﷺ نے اپنی زندگی میں ایک ریاست بنائی، مجھے افسوس ہوتا ہے کہ پڑھے لکھے لوگوں کو یہ سمجھ ہی نہیں کہ وہ کیا خصوصیات تھیں جو ہمیں بچوں کو بتانی چاہئیں، مدینہ کی ریاست میں کیا خصوصیات تھیں کہ وہ دنیا کی سب سے عظیم ریاست بنی، اگر ہمارے پڑھے لکھے لوگ اسے نہیں پڑھیں گے تو یہ ان لوگوں کے ہاتھ میں چلے جائے گا جو خود کو مولانا کہتے ہیں اور ڈیزل کے پرمٹ پر بک جاتے ہیں۔