اسلام آباد: انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے دہشتگردی دفعات کے تحت درج مقدمے میں رہنما پی ٹی آئی اعظم سواتی کی ضمانت منظور کرلی۔
باغی ٹی وی : انسداد دہشتگری عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے کیس کی سماعت کی اور تھانہ سنگجہانی میں دہشت گردی کی دفعات پر درج مقدمے میں پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کی ضمانت منظور کرلی۔
عدالت نے 20 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت بعد از گرفتاری منظور کی اعظم سواتی جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں اعظم سواتی کے خلاف احتجاج اور توڑ پھوڑ پر دہشت گردی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔
دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے گلوکار عمر ملک کو 9 مئی جناح ہاؤس حملہ کیس سے بری کردیا، عمر ملک کو ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کی جانب سے 10 اکتوبر کو گرفتار کیا گیا تھا۔
عمر ملک کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا۔ اے ٹی سی کے جج نے تفتیشی افسر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ ملزم کو 16 ماہ بعد گرفتار کیا گیا، آپ 16 ماہ خاموش کیوں رہے؟اے ٹی سی کے جج نے پوچھا کہ ملزم کو عدالت سے اشتہاری کیوں نہیں کروایا گیا؟ ملزم کو مقدمے سے بری کیا جاتا ہے۔