عزم استحکام معیشت کی مضبوطی کا ضامن۔تجزیہ، شہزاد قریشی

shehad qureshi

آپریشن عزم استحکام کسی ملک کے خلاف ہے نہ بے گناہ شہریوں کے خلاف ،یہ اُن کے خلاف ہے جو پاکستان کے عام شہریوں اور پاکستان کو بطور ریاست کمزور کرنا چاہتے ہیں جو پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہیں ، پاکستان کے عوام، مسلح افواج ،پولیس اور جملہ اداروں نے بے پناہ قربانیاں دے کر دہشت گردی کا خاتمہ کیا ہے ،جبکہ بھارت پاکستان کو دہشت گرد ملک قرار دلوانے میں دنیا میں افوا ہ سازی کا کام کرتا رہا ہے، ماضی کے ان تمام واقعات کی قوم اور دنیا گواہ ہے، ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پاک فوج اور جملہ اداروں نے ملکی بقا اور سلامتی کے پیش نظر بلوچستان سے ٹی ٹی پی کی دفاعی شوریٰ کے سربراہ کو بھی گرفتار کیا ہے جس کی پشت پناہی بھارت کی خفیہ ایجنسی’’ را‘‘ کررہی ہے افغانستان میں موجود بھارتی سفارتخانہ ’’ را ‘‘ کا د فترہے گرفتار کمانڈر نےکئی سنسنی خیز انکشافات کئے ہیں، ان حالات میں کیا پاک فوج اور جملہ اداے پاکستان اور بے گناہ عوام کو ان دہشت گردوں کے حوالے کردیں ؟ اس کا واحد حل ضرب عضب کی طرز پر آپریشن عزم استحکام ہے، بلوچستان سے ٹی ٹی پی کے کمانڈر کی گرفتاری اور آپریشن عزم استحکام پر پاک فوج ا ور جملہ اداروں پر زہر افشانی محبان وطن کو افسردہ کرگئی،مولانا فضل الرحمان ، محمود خان اچکزئی اور تحریک انصاف سے بھی صبر نہ ہوا انہوں نے ملکی سلامتی کو پس پشت ڈال کر زہر افشانی شروع کردی،کیا پاک فوج اور جملہ ادارے بھارت کی خفیہ ایجنسی’’ را‘‘ اور دہشت گردوں کو کھلی چھٹی دے دیں ؟ اندھوں کو بھی نظر آرہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کے بعد ملکی معیشت مستحکم ہوئی تھی اور اب آپریشن عزم استحکام سے بھی ملک میں امن ہوگا اور معیشت بھی مستحکم ہوگی،حیرت ہے ہماری سیاسی جماعتوں اور پارلیمنٹ ہائوس میں موجود ایسے افراد جو اقتدار کے مزے پاکستان میں لوٹتے ہیں اور جب بات ملکی بقا اور سلامتی کی آجائے تو پاکستان دشمنوں کے حق میں آواز بلند کرتے ہیں اور اپنی ہی فوج اور جملہ اداروں پر طرح طرح کے لیبل چسپاں کرتے ہیں ملکی سلامتی کے اداروں کا وقارمجروح کرتے ہیں ان نام نہاد سیاستدانوں کو کس نام سے پکاروں فیصلہ عوام کریں ؟

Comments are closed.