پنجاب کی صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری کی گاڑی کو لاہور کینال روڈ پر واقع جیل روڑ انڈر پاس کے قریب حادثہ پیش آیا ہے، تاہم خوش قسمتی سے وہ حادثے میں محفوظ رہیں۔
عظمیٰ بخاری کی گاڑی جی او آر سے پنجاب یونیورسٹی جاتے ہوئے جیل روڑ انڈر پاس کے نیچے حادثے کا شکار ہوئی۔ وزیر اطلاعات پنجاب یونیورسٹی میں وزیر اعلیٰ کی اسکالرشپ کی تقریب میں شرکت کے لیے روانہ ہو رہی تھیں، کہ اچانک ان کی گاڑی رکشے سے ٹکرا گئی۔حادثے کے باوجود عظمیٰ بخاری نے فوری طور پر متبادل گاڑی کا انتظام کیا اور بغیر کسی تاخیر کے پنجاب یونیورسٹی روانہ ہو گئیں۔ حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور وہ محفوظ رہیں۔
صوبائی وزیر کی گاڑی کے حادثے کی خبر کے بعد مقامی انتظامیہ اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ وزیر اطلاعات کی طرف سے اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا، تاہم ان کے قریب ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثہ معمولی نوعیت کا تھا اور وزیر اطلاعات کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا۔اس حادثے کے باوجود عظمیٰ بخاری نے اپنی مصروف شیڈول کو متاثر ہونے سے بچایا اور پنجاب یونیورسٹی پہنچ کر وزیر اعلیٰ کی اسکالرشپ کی تقریب میں شرکت کی۔