پشاور (باغی ٹی وی رپورٹ) فرنٹیئر کسٹمز ایجنٹس ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کے صدر ضیاء الحق سرحدی کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے کلکٹر کسٹمز آپریزمنٹ پشاور، اظودالمہدی (Azood Ul Mehdi) سے کسٹمز ہاؤس پشاور میں اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر خالد شہزاد، نائب صدر امتیاز احمد علی، جنرل سیکریٹری میاں وحید باچا، اور ایگزیکٹو ممبران فاروق احمد، منصور احمد، طارق خان آفریدی، نظام شاہ، عامر رضا، تنویر احمد اور جاوید خان شامل تھے۔
صدر ضیاء الحق سرحدی نے کلکٹر اظودالمہدی کو نئی تعیناتی پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ قابلیت اور تجربے کو بزنس کمیونٹی کے لیے حوصلہ افزا قرار دیا۔ انہوں نے کلکٹر کو پاک افغان تجارت، ایکسپورٹرز، امپورٹرز اور کسٹمز ایجنٹس کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور ان کے دیرپا حل کے لیے متعدد تجاویز پیش کیں۔ خاص طور پر فیس لیس اسسمنٹ سسٹم کو کاروباری طبقے اور کلیئرنگ ایجنٹس کے لیے مشکلات کا باعث قرار دیتے ہوئے اس کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔
ملاقات میں فرنٹیئر کسٹمز ایجنٹس ایسوسی ایشن کی جانب سے کسٹمز حکام کو بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لیے کیے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ ضیاء الحق سرحدی نے کلکٹر اظودالمہدی کے سابقہ دور میں بھی بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل میں ادا کیے گئے کردار کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اس بار بھی غلام خان، خرلاچی، انگور اڈہ، طورخم بارڈرز پر تجارتی مشکلات، اور اضاخیل ڈرائی پورٹ کو مکمل فعال بنانے جیسے اہم مسائل پر توجہ دیتے ہوئے عملی اقدامات اٹھائیں گے۔
یہ ملاقات پاک افغان باہمی تجارت کی بہتری، کسٹمز اصلاحات اور بزنس ماحول کو سازگار بنانے کے حوالے سے ایک مثبت پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔







