ہالینڈ میں تعینات پاکستان کے سفیر سید ہادی شاہ سے معروف تجزیہ کار اور باغی ٹی وی کے سینئر کالم نگار شہزاد قریشی نے خصوصی ملاقات کی ہے

ملاقات نہایت خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں دونوں شخصیات کے مابین صحافت، پاکستان کی مثبت شناخت اور اوورسیز پاکستانیوں کے کردار پر تفصیلی تبادلۂ خیال ہوا۔ملاقات میں سفارتخانے کا دیگر عملہ بھی شریک تھا،ملاقات کے دوران سفیرِ پاکستان سید ہادی شاہ نے شہزاد قریشی کی صحافتی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی تحریریں نہ صرف فکر انگیز اور متوازن تجزیوں پر مبنی ہیں بلکہ وہ عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت امیج اُجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں،بیرونِ ملک مقیم ایسے اہلِ قلم پاکستان کے لیے قیمتی سرمایہ ہیں جو دیارِ غیر میں رہتے ہوئے اپنی تحریروں سے ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔

شہزاد قریشی نے اس موقع پر پاکستانی سفارت خانے کی اوورسیز کمیونٹی کے لیے خدمات کو سراہا اور کہا کہ سید ہادی شاہ کی قیادت میں سفارت خانہ پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لیے سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کے ذریعے پاکستان کی حقیقت اور مثبت پہلو دنیا کے سامنے اجاگر کرنا ہر محب وطن صحافی کا فرض ہے۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں شخصیات نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کے بہتر تشخص، ثقافتی سفارت کاری اور اوورسیز پاکستانیوں کے درمیان رابطوں کو مزید فروغ دینے کے لیے باہمی تعاون جاری رکھا جائے گا۔

Shares: