ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز)بابا گورو نانک یونیورسٹی ننکانہ صاحب میں دفتر صوبائی محتسب پنجاب کے تعاون سے آگاہی سیمینار منعقد ہوا جس کا مقصد طلباء کو شکایات کے اندراج کے باضابطہ طریقہ کار سے روشناس کروانا تھا۔
سیمینار میں طلباء کو سرکاری اداروں اور عوامی خدمات سے متعلق شکایات کے حل کے طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ پروگرام میں صوبائی محتسب پنجاب کے مشیر برائے ضلع ننکانہ صاحب سید مبشر حسین شاہ، لائژن آفیسر محترمہ صائمہ اشرف، زاہد فاروق اور احسن اللہ شریک ہوئے۔
سید مبشر حسین شاہ نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے شکایات کے مؤثر نظام کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ محتسب پنجاب کا دفتر عوامی شکایات کے فوری اور شفاف ازالے کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے طلباء کو اپنے قانونی حقوق سے باخبر رہنے اور ان کے تحفظ کیلئے قانونی ذرائع سے استفادہ کرنے کی تلقین کی۔ ان کا کہنا تھا کہ شفافیت اور جوابدہی جمہوریت کی بنیاد ہیں اور نوجوان نسل کو ان اصولوں کو اپناتے ہوئے معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔
آخر میں اسسٹنٹ پروفیسر، شعبہ فزکس، ڈاکٹر ہاشم فاروق نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام طلباء میں شعور بیدار کرنے، ان کی رہنمائی اور انہیں ایک ذمہ دار شہری بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔








