ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ یاز)کمیونیکیشن اینڈ ورکس (سی اینڈ ڈبلیو) ڈیپارٹمنٹ ننکانہ صاحب کے ایگزیکٹو انجینئر محمد کاشف نے بابا گورو نانک یونیورسٹی کے نئے کیمپس کی تعمیراتی پیش رفت پر ایم پی اے حلقہ پی پی-134 مہر کاشف پدھیار اور ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب راؤ تسلیم اختر کو تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ کے دوران ایگزیکٹو انجینئر نے بتایا کہ یونیورسٹی کے اکیڈمک بلاک کی تعمیر تیزی سے جاری ہے اور منصوبہ جنوری 2026ء تک مکمل کر کے انتظامیہ کے حوالے کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کام کے معیار کو یقینی بنانے اور بروقت تکمیل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر راؤ تسلیم اختر اور مہر کاشف پدھیار نے نئے کیمپس میں پودے لگائے، جو ماحول دوست اور پائیدار یونیورسٹی کے قیام کے عزم کی علامت ہے۔
بابا گورو نانک یونیورسٹی کے رجسٹرار مبشر طارق نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مخلصانہ کوششوں سے یونیورسٹی کے ترقیاتی منصوبے تیزی سے تکمیل کے مراحل میں ہیں۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈیولپمنٹ حماد، ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ شاہد اقبال، اسسٹنٹ ڈائریکٹر نعمان عزیز اور یونیورسٹی کے دیگر افسران بھی شریک ہوئے۔
تمام شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بابا گورو نانک یونیورسٹی کو اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کا ممتاز ادارہ بنایا جائے گا، جو مستقبل میں علمی ترقی اور خطے کی سماجی و معاشی بہتری میں اہم کردار ادا کرے گا۔












