ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی ،نامہ نگار احسان اللہ ایاز) بابا گورو نانک یونیورسٹی ننکانہ صاحب گزشتہ سات ماہ سے مستقل وائس چانسلر سے محروم ہے، جس کے باعث ادارے کے تدریسی، تحقیقی اور انتظامی امور شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد افضل کی مدتِ ملازمت مارچ 2025ء میں مکمل ہونے کے بعد یونیورسٹی قیادت سے محروم ہو گئی تھی۔ بعد ازاں چار ماہ کے لیے یونیورسٹی آف اوکاڑہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سجاد مبین کو اضافی چارج دیا گیا تھا، تاہم ان کی مدت بھی ختم ہو چکی ہے۔

مستقل وائس چانسلر کی عدم تعیناتی کے باعث یونیورسٹی میں کئی اہم تعلیمی و ترقیاتی منصوبے تعطل کا شکار ہیں، فیکلٹی تقرریاں رکی ہوئی ہیں، تحقیقی سرگرمیاں سست روی کا شکار ہیں جبکہ بجٹ منظوری اور پالیسی سازی کے معاملات بھی غیر یقینی کی صورتحال سے دوچار ہیں۔ اساتذہ اور طلباء نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر معاملے کا فوری نوٹس نہ لیا گیا تو یونیورسٹی کا تعلیمی معیار اور طلباء کا مستقبل بری طرح متاثر ہو سکتا ہے۔

اساتذہ و طلباء نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن رانا سکندر حیات اور سیکرٹری ہائر ایجوکیشن غلام فرید سے مطالبہ کیا ہے کہ بابا گورو نانک یونیورسٹی میں مستقل وائس چانسلر کی فوری تعیناتی عمل میں لائی جائے تاکہ انتظامی و تدریسی امور میں تسلسل اور استحکام پیدا ہو سکے۔ تعلیمی حلقوں نے کہا ہے کہ سات ماہ گزرنے کے باوجود وائس چانسلر کا تقرر نہ ہونا متعلقہ محکمہ کی کارکردگی پر سنجیدہ سوالیہ نشان ہے۔

Shares: