ننکانہ صاحب ،باغی ٹی وی(نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) بابا گرو نانک یونیورسٹی میں منعقدہ تیسرا سالانہ سپورٹس گالا 2025 شاندار اختتامی تقریب کے ساتھ کامیابی سے مکمل ہوگیا۔ اس موقع پر طلبہ نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا، جبکہ تقریب میں معزز مہمانوں کی شرکت نے اس ایونٹ کی اہمیت کو مزید اجاگر کیا۔

تقریب کے مہمانانِ خصوصی میں پروفیسر ڈاکٹر یاسر نواب (وائس چانسلر، یونیورسٹی آف کامالیہ) اور پروفیسر ڈاکٹر نبیلہ رحمان (پرنسپل، اورینٹل کالج، یونیورسٹی آف پنجاب) شامل تھیں۔ انہوں نے طلبہ کو کامیاب ایونٹ پر مبارکباد دی اور کھیلوں کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ایسی سرگرمیاں نہ صرف جسمانی و ذہنی نشوونما میں معاون ثابت ہوتی ہیں بلکہ ٹیم ورک، نظم و ضبط اور استقامت جیسے مثبت رویوں کو بھی فروغ دیتی ہیں۔

پروفیسر ڈاکٹر محمد افضال (وائس چانسلر، بابا گرو نانک یونیورسٹی)، مسٹر مبشر طارق (رجسٹرار) اور ڈاکٹر یاسر سعید (ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افیئرز) نے معزز مہمانوں کے ہمراہ کامیاب ٹیموں میں ٹرافیاں اور تمغے تقسیم کیے۔

اسپورٹس گالا 2025 کے دوران طلبہ میں جذبۂ یکجہتی، مسابقت اور کھیلوں کے حقیقی اسپرٹ کی جھلک نظر آئی۔ یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ یہ ایونٹ مستقبل میں مزید طلبہ کو کھیلوں میں شمولیت کی ترغیب دے گا اور یونیورسٹی کی ہمہ جہت ترقی کے عزم کو آگے بڑھائے گا۔

Shares:








