لاہور: انگلینڈ کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کیلئے پاکستان کے قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔

باغی ٹی وی: ذرائع کے مطابق قومی سلیکشن کمیٹی کی جانب سے بابراعظم، شاہین آفریدی، نسیم شاہ ، سرفراز احمد دوسرے ٹیسٹ سے ڈراپ کر دیے گئے ہیں پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے انگلینڈ کے خلاف قومی ٹیم میں 6 نئے کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے، ابرار احمد بخار کی وجہ سے ٹیم کو دستیاب نہیں تھے۔

ذرائع کے مطابق قومی اسکواڈ میں شان مسعود (کپتان)، سعود شکیل (نائب کپتان)، صائم ایوب، عبداللہ شفیق، محمد ہریرہ، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، حسیب اللہ (وکٹ کیپر)، کامران غلام، سلمان علی آغا، عامر جمال، مہران ممتاز، میر حمزہ، محمد علی، نعمان علی، ساجد خان اور زاہد محمود کو شامل کیا گیا ہے۔

دوسری جانب قومی کرکٹر فخر زمان نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ میچ میں سابق کپتان بابر اعظم کو ڈراپ کرنے کے فیصلے پر شدید تنقید کی ہے۔

سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر فخر زمان نے بیان جاری کیا اور بھارتی اسٹار کرکٹر ویرات کوہلی کی مثال دی،فخر زمان نے لکھا کہ بھارت نے ویرات کوہلی کو تین سال خراب فارم کے باوجود ڈراپ نہیں کیا، انہیں بینچ پر نہیں بٹھایا گیا بابر اعظم کو ڈراپ کرنے کی خبریں باعث تشویش ہیں،پاکستان کے بہترین بیٹر کو ڈراپ کرنے سے منفی پیغام جائے گا، گھبراہٹ میں فیصلے کرنے کے بجائے اپنے کھلاڑیوں کا تحفظ کریں۔

Shares: