بابر اعظم نے قومی ٹیم کی کپتانی سے استعفیٰ دے دیا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کپتان بابر اعظم نے کپتانی سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا ہے، جس سے کرکٹ کے حلقوں میں ایک ہلچل مچ گئی ہے۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ انہوں نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ وہ بطور کھلاڑی اپنے کردار پر زیادہ توجہ دے سکیں۔بابر اعظم نے کپتانی کو اپنے کیریئر کا ایک اہم تجربہ قرار دیا، تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ قیادت کی ذمہ داریوں کی وجہ سے ان پر ورک لوڈ میں اضافہ ہوگیا تھا، جس کی وجہ سے ان کی کارکردگی متاثر ہو سکتی تھی۔ بابر کا کہنا تھا کہ وہ اپنی ذاتی کارکردگی پر فوکس کرنا چاہتے ہیں تاکہ بطور کھلاڑی بہترین نتائج حاصل کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ "کپتانی ایک اچھا تجربہ تھا لیکن ورک لوڈ کی وجہ سے میں نے فیصلہ کیا ہے کہ اب بطور کھلاڑی اپنے کردار پر زیادہ توجہ دوں۔” بابر نے مزید کہا کہ وہ اپنی فیملی کے ساتھ وقت گزارنا چاہتے ہیں اور اب تک جو کامیابیاں حاصل کی ہیں، ان پر انہیں فخر ہے۔

بابر اعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ اپنی فیملی کے ساتھ وقت گزارنے کو بھی ترجیح دیتے ہیں، کیونکہ ان کے کرکٹ کیریئر کے دوران کام کے دباؤ اور مسلسل دوروں کی وجہ سے ان کا زیادہ وقت فیملی سے دور گزرا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے مداحوں اور ٹیم مینجمنٹ کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے ان کی قیادت میں ٹیم کو سپورٹ کیا۔بابر کا کہنا تھا کہ "مجھے فخر ہے کہ میں نے قومی ٹیم کی قیادت کی اور ان تمام لمحات کو ہمیشہ یاد رکھوں گا، مگر اب بطور کھلاڑی اپنی ذمہ داریوں کو مزید بہتر طریقے سے نبھانے کا ارادہ رکھتا ہوں۔بابر اعظم کے استعفیٰ کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم میں قیادت کے حوالے سے کئی سوالات جنم لے رہے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے فوری طور پر کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے کہ بابر کے بعد ٹیم کی قیادت کون سنبھالے گا، تاہم امکان ہے کہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت کے لیے نئے کپتان کا جلد اعلان کیا جائے گا۔واضح رہے کہ انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنے کے لیے آج پاکستان پہنچ رہی ہے۔ اس سیریز میں قومی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت شان مسعود کر رہے ہیں جبکہ بابر اعظم بھی قومی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

بابر اعظم کا کرکٹ کیریئر اور کامیابیاں
بابر اعظم کا شمار دنیا کے بہترین بیٹسمینوں میں ہوتا ہے، انہوں نے اپنی قیادت میں پاکستان کو کئی اہم میچز اور سیریز جتوائی ہیں۔ ان کے دورِ قیادت میں پاکستان نے خاص طور پر ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ کپتانی سے استعفیٰ دینے کے باوجود بابر اعظم کا کہنا ہے کہ وہ بطور کھلاڑی ٹیم کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے اور ٹیم کو مزید کامیابیاں دلانے کی کوشش کریں گے۔بابر اعظم کے اس فیصلے کو کرکٹ ماہرین مختلف زاویوں سے دیکھ رہے ہیں، اور یہ سوالات بھی اٹھائے جا رہے ہیں کہ آیا یہ فیصلہ ان کی کارکردگی پر مثبت اثر ڈالے گا یا نہیں۔

Comments are closed.