ڈی جی خان:6 سالہ بچہ ٹیوب ویل کے 200 فٹ گہرے بور میں گر کر جاں بحق
ڈی جی خان،باغی ٹی وی (سٹی رپورٹرجواد اکبر)6 سالہ بچہ ٹیوب ویل کے 200 فٹ گہرے بور میں گر کر جاں بحق
تفصیل کے مطابق ڈی جی خان کے علاقے کالا کالونی ہیڈ گجانی میں ایک اندوہناک واقعہ پیش آیا جہاں چھ سالہ نواب ولد منظور 200 فٹ گہرے ٹیوب ویل کے بور میں گر کر جاں بحق ہو گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کنٹرول روم نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے قریبی ریسکیو اسٹیشن سے ایک ایمبولینس اور دو ریسکیو گاڑیاں جائے وقوعہ کی طرف روانہ کر دیں۔ اس واقعے کی اطلاع پولیس کنٹرول اور ڈپٹی کمشنر کنٹرول روم کو بھی دی گئی۔
ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچنے کے بعد جدید سونار ڈیوائس کے ذریعے بچے کے مقام کی نشاندہی کی۔ بچے کی لاش 75 فٹ کی گہرائی میں پھنس چکی تھی۔ چھ گھنٹے طویل آپریشن کے دوران ریسکیو اہلکاروں نے آئرن راڈز اور مختلف رسیوں کی مدد سے بچے کے کپڑوں کو ہک کیا اور سلپ ناٹ تکنیک کا استعمال کرتے ہوئے لاش کو باہر نکالا۔ بدقسمتی سے بچہ پانی میں ڈوب جانے کے باعث پہلے ہی زندگی کی بازی ہار چکا تھا۔
ریسکیو اہلکاروں نے بچے کی لاش کو نکال کر لواحقین کے حوالے کر دیا۔ اس دلخراش واقعے نے علاقے میں سوگ کی فضا قائم کر دی ہے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احمد کمال نے اس آپریشن کی قیادت کی اور کہا کہ ریسکیو ٹیم نے اپنی تمام تر کوششیں کیں، لیکن قدرتی حالات کے باعث بچے کی جان نہیں بچائی جا سکی۔