چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے کہا ہے کہ کمسن بچیوں کے خلاف جنسی جرائم ناقابلِ برداشت ہیں اور ایسے درندہ صفت افراد کو قانون کے مطابق سخت ترین سزا دلوانا ریاست کی ذمہ داری ہے۔

لاہور کے علاقے اچھرہ میں 9 سالہ بچی سے مبینہ زیادتی کے افسوسناک واقعے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے متاثرہ بچی کے گھر کا دورہ کیا اور اہلِ خانہ سے ملاقات کی، حنا پرویز بٹ نے بچی کے والد اور دیگر اہلِ خانہ سے تفصیلی گفتگو کی، ان کا حوصلہ بڑھایا اور انصاف کی فراہمی کی مکمل یقین دہانی کرائی۔

حنا پرویز بٹ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی واضح ہدایت ہے کہ بچوں اور خواتین کے خلاف کسی بھی قسم کے جرم میں ملوث عناصر کے ساتھ کوئی رعایت نہ برتی جائے، اس مقدمے میں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے اور تفتیش کے تمام مراحل قانون کے مطابق آگے بڑھائے جا رہے ہیں،کمسن بچیوں کے خلاف جنسی جرائم ناقابلِ برداشت ہیں اور ایسے درندہ صفت افراد کو قانون کے مطابق سخت ترین سزا دلوانا ریاست کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی متاثرہ بچی اور اس کے خاندان کو قانونی، نفسیاتی اور ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا وژن بالکل واضح ہے کہ پنجاب میں کوئی بچی، کوئی خاتون خود کو غیر محفوظ محسوس نہ کرے۔ بچوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ایسے جرائم میں ملوث افراد کو مثال بنایا جائے گا۔

Shares: